Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کا اعلان

مختلف ملکوں کے شہری محدود تعداد میں حج ادا کریں گے۔(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں حج سیکیورٹی فورس کے کمانڈر میجر جنرل زاید الطویان نے کہا ہے کہ اس سال حج موسم کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے۔
انہوں نے حج کے دوران سخت حفاظتی تدابیر کا اعلان بھی کیا۔
حج سیکیورٹی فورس کے کمانڈر نے بتایا کہ اس سال مختلف ملکوں کے شہری محدود تعداد میں فریضہ حج ادا کریں گے۔
انہوں نےمزید کہا کہ کسی بھی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی کو اجازت نامے کے بغیر حج مقامات پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزیاں کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں گی۔ 
ان کے مطابق نئے کورونا وائرس کی وبا کے ماحول میں حاجیوں کی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
حج سیکیورٹی فورس کے کمانڈر اور امن عامہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر میجر جنرل زاید الطویان نے کہا کہ حج کے موقع پر کرفیو نہیں لگایا جائے گا البتہ سیکیورٹی اہلکار حج اجازت نامے نہ رکھنے والوں کو حج مقامات پر جانے سے روکنے کے لیے مکہ کے باہر چیک پوسٹوں پر روکیں گے۔
العربیہ اورسبق ویب سائٹ کے مطابق میجر جنرل زاید الطویان نے اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’حج سیکیورٹی فورس ضرورت پڑنے پر بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن یا بعض شاہراہوں کو بند کرسکتی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ اقدام اس وقت کیا جائے گا جب کسی علاقے سے غیرقانونی طریقے سے حج پر جانے والوں کی بھیڑ دیکھنے میں آئے گی یا بعض شاہراہوں سے حج مقامات پر دراندازی کا سلسلہ مشاہدے میں آئے گا۔
’اگر کسی غیرملکی یا سعودی شہری نے حج مقامات پر دراندازی کی کوشش کی تو اسے مقررہ قانونی سزائیں دی جائیں گی۔ دراندازوں کو فوری سزائیں بھی دی جائیں گی۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد سب کی سلامتی ہے‘۔

امن عامہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر میجر جنرل زاید الطویان نے پریس کانفرنس کی ہے (فوٹو: سبق)

میجر جنرل زاید الطویان کا کہنا تھا کہ حج مقامات پر بغیر اجازت نامے والے افراد کی دراندازی روکنے کے لیے سیکیورٹی فورس پٹرولنگ کرے گی۔ کئی نگراں ادارے دراندازی کو روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کریں گے۔
انہوں نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ وہ اس سا ل مقررہ حج کوٹے کی پابندی کریں-
طائف پولیس کے مطابق بغیر اجازت نامے والوں کو حج مقامات پر جانے سے روکنے کے لیے سیکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں۔
حج روڈ سکیورٹی اتھارٹی کا کہنا ہے مکہ کے اطراف تمام چیک پوسٹیں موثر کردی ہیں۔

حج مقامات میں داخلے پرپابندی کا نفاذ اتوار سے ہو گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

محکمہ پاسپورٹ نے پھر انتباہ کیا کہ حج ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے ہوں گے اور انہیں قید کی سزائیں دی جائیں گی جو ٹرانسپورٹ کمپنی لائسنس کے بغیر کسی کو حج کے بغیر لے جائے گی اسے سزا دی جائے گی۔
یاد رہے کہ حج مقامات مشاعر مقدسہ (منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ) میں داخلے پرپابندی کا نفاذ اتوار 19 جولائی سے ہو گیا ہے جو 12 ذوالحجہ تک جاری رہے گا۔ 
 وزارت داخلہ نے 12 جولائی کو جاری اعلامیے میں کہا تھا کہ بغیر حج پرمٹ کے مشاعر مقدسہ جانے والوں پر10 ہزارریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ خلاف ورزی دہرانے پر جرمانے کی رقم دوگنا کر دی جائے گی۔
 ٹریفک پولیس کو ہدایت کردی گئی ہے کہ مکہ سے مشاعر مقد سہ جانے کے تمام راستوں کو سیل کردیا جائے تاکہ بغیر پرمٹ کے کوئی حج مقامات میں داخل نہ ہو سکے۔

شیئر: