Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج مقامات پر بغیر اجازت جانے پر پابندی اتوار سے

پابندی کا نفاذ  12 ذوالحجہ تک جاری رہے گا (فوٹو: العربیہ)
 سعو دی عرب میں حج مقامات مشاعر مقدسہ (منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ) میں داخلے پرپابندی کا نفاذ اتوار 19 جولائی سے کیا جا رہا ہے جو 12 ذوالحجہ تک جاری رہے گا۔  بغیر پرمٹ کے مشاعر مقدسہ میں جانے پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ویب نیوز عاجل نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے حوالے سے کہا ہے کہ اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے حج انتہائی محدود طور پر کیا جائے گا، ہر ایک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
 وزارت داخلہ نے 12 جولائی کو جاری اعلامیے میں کہا تھا کہ بغیر حج پرمٹ کے مشاعر مقدسہ جانے والوں پر10 ہزارریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ خلاف ورزی دہرانے پر جرمانے کی رقم دوگنا کر دی جائے گی۔

بغیر حج پرمٹ جانے والوں پر10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا (فوٹو: عرب نیوز)

دریں اثنا حج انتظامی اور امن عامہ کمیٹی کے ترجمان کرنل سامی الشویرخ کا کہنا ہے کہ 5 ذوالحجہ سے مکہ کے تمام داخلی چیک پوسٹوں کو بغیر پرمٹ کے کوئی بھی عبورنہیں کرے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
 حج امن کمیٹی کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کو ہدایت کردی گئی ہے کہ مکہ سے مشاعر مقد سہ جانے کے تمام راستوں کو سیل کردیا جائے تاکہ بغیر پرمٹ کے کوئی مشاعر مقدسہ میں داخل نہ ہو۔
واضح رہے کہ ہر سال ایام حج سے قبل بغیر پرمٹ کے کوئی بھی مکہ داخل نہیں ہوسکتا ۔ وہ افراد جن کے اقامے مکہ کے ہوتے ہیں اور وہ دوسرے شہر کام کی غرض سے جاتے ہیں ان کے علاوہ وہ افراد جنہیں مکہ داخل ہونے کے لیے پرمٹ جاری کیا جاتا ہے کے سوا کسی کو مکہ جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

مکہ سے مشاعر مقدسہ جانے کے تمام راستوں کو سیل کر دیا جائے گا ( فوٹو: العربیہ)

پابندی کا مقصد غیر قانونی طریقے سے حج کرنے والوں کو روکنا ہوتا ہے تاکہ بیرون ملک سے آنے والے عازمین آرام سے فریضہ حج ادا کرسکیں۔
وہ افراد جو غیر قانونی طورپر حج کرتے ہیں ان کی وجہ سے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عام طور پر غیر قانونی عازمین حج راہ داریوں پرڈیرے ڈال لیتے ہیں جس کے سبب سنگین حادثات رونما ہوتے تھے۔
اسی وجہ سے انتظامیہ نے حج آپریشن کو منظم کرنے اور مملکت میں رہنے والوں کے لیے حج قوانین مرتب کیے تھے جس  کے تحت حج کے خواہش مند افراد مقامی حج خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے زیرانتظام فریضہ حج ادا کرتے ہیں جن کے لیے باقاعدہ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے اوران کا مکمل ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔
پابندیوں کا مقصد حج آپریشن کو منظم بنانا ہے۔

شیئر: