بغیر اجازت حج مقامات میں داخلے پر بے دخلی اور بلیک لسٹ
بغیر اجازت حج مقامات میں داخلے پر بے دخلی اور بلیک لسٹ
اتوار 26 جولائی 2020 18:47
حج مقامات میں داخلے پر پابندی 12 ذوالحج تک جاری رہے گی۔(فوٹو عاجل)
سعودی محکمہ امن عامہ نے مقیم غیرملکیوں کو بغیر اجازت حج مقامات پر جانے کے سنگین نتائج سے خبردارکیا ہے۔ جو غیرملکی حج ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا اسے کڑی سزا دی جائے گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق امن عامہ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ’ بغیر حج اجازت نامے منی، مزدلفہ ، عرفات اور مکہ جانے کی سزا سعودی عرب سے بے دخلی جبکہ اسے خاص مدت تک بلیک لسٹ کردیا جائے گا- اس دوران وہ کسی بھی ویزے پر سعودی عرب نہیں آسکے گا۔‘
سعودی حکومت نےاس سال فیصلہ کررکھا ہے کہ نئے کورونا وائرس سے حج کے زائرین کو بچانے کے لیے محدود تعداد میں لوگوں کو حج کرایا جائے گا۔ اس پابندی کا مقصد بین الاقوامی برادری کو بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچانا ہے۔
یاد رہے کہ ہفتے کو بغیراجازت حج مقامات پر جانے والے 16 تارکین پر جرمانے کیے گئے تھے۔
امن عامہ کے ترجمان نے بتایا کہ تمام تارکین کو پہلے ہی بتا دیا گیا تھا کہ حج اجازت نامے کے بغیرکسی بھی غیرملکی کو منی، مزدلفہ اورعرفات جانے کی اجازت نہیں۔ پابندی کی خلاف ورزی پر سولہ غیرملکیوں پر فی کس دس ہزار ریال جرمانہ کیا گیا ہے۔
وازارت داخلہ کی جانب سے گزشتہ ماہ سے لوگوں کو خبردار کیا جا رہا تھا کہ پرمٹ کے بغیر مشاعر مقدسہ جانے پر دس ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
حج مقامات میں داخلے پر پابندی کا نفاذ گزشہ ماہ ذوالقعدہ کی 28 تاریخ سے کیا گیا تھا جو 12 ذوالحج تک جاری رہے گی۔