’سرکاری دفاتر میں غیر ملکیوں کے فن پارے نہ سجائے جائیں‘
’سرکاری دفاتر میں غیر ملکیوں کے فن پارے نہ سجائے جائیں‘
پیر 27 جولائی 2020 21:57
ولی عہد کی درخواست پر شاہ سلمان نے یہ ہدایت جاری کی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی حکومت نے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت دی کہ کوئی بھی وزارت یا محکمہ اپنے صدر دفتر میں غیرملکی فن کاروں کے شہ پارے نہ سجائے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواست پر یہ ہدایت شاہ سلمان نے جاری کی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق تمام سرکاری اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ صرف سعودی فن کاروں کے شہ پارے ہی آویزاں کریں۔ غیرملکی فن کاروں کی تخلیقات نہ سجائیں۔
یاد رہے کہ سعودی کابینہ نے اس سے قبل وزارت ثقافت کو ہدایت دی تھی کہ وہ سعودی فن کاروں کے شہ پاروں کا ریکارڈ تیار کرے اور تمام سرکاری اداروں کو ان سے متعارف کرانے کا اہتمام بھی کیا جائے۔
سعودی حکومت قومی ثقافت کو متعارف کرانے اور دنیا بھر میں اجاگر کرنے کی پالیسی بناچکی ہے۔
اس مقصد کے لیے وزارت ثقافت قائم کی گئی ہے۔ وزارت ثقافت نے سعودی فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور مقامی شہریوں کو غیرملکیوں کے فن پاروں کے سحر سے نکالنے کی مہم شروع کررکھی ہے۔