رنگوں سے منفرد عکاسی کرنے والی باہمت نابینا فنکارہ
رنگوں سے منفرد عکاسی کرنے والی باہمت نابینا فنکارہ
جمعہ 26 جون 2020 5:38
’نورہ خداداد صلاحیت کی مالک فنکارہ ہیں (فوٹو: العربیہ)
نابینا سعودی خاتون نے اپنی کمزوری کو خود پرحاوی نہ ہونے دیا بلکہ اپنی مثالی قوت ارادی کو بروے کارلاتے ہوئے منفرد ذوق کی نمائندہ اچھوتی آرٹسٹ بن گئیں۔
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان آل سعود نے باہمت خاتون کے کمال کو سراہتے ہوئے ٹویٹ کیا ’نورہ حمودہ ہیرو ہے- سرپرستی کی حقدار ہیں- میرے رفقائے کار نورہ سے رابطے میں رہیں گے‘-
العربیہ نیٹ کے مطابق وزیر ثقافت نے ان الفاظ میں تجریدی آرٹ میں اچھوتے پن کا مظاہرہ کرنے والی نابینا آرٹسٹ کے صبر، عزم، ارادے اور انتھک جدوجہد کوخراج تحسین پیش کیا-
نابینا فن کارہ نورہ ایک حادثے میں اپنی بائیں آنکھ سے محروم ہوگئی تھی- ان کی دوسری آنکھ ’لیزی‘ ہے-
نورہ کو پینٹنگ کا شوق نو برس کی عمر میں ہوگیا تھا- اس فن میں اتنا کمال حاصل کر لیا ہے کہ فن پارے ہزاروں ریال میں فروخت ہونے لگے -
نورہ جس نمائش میں فن پارے پیش کرتی ہے شائقین دیکھ کر ششدر رہ جاتے ہیں- نورہ کے بیشتر فن پارے سفید اور سیاہ رنگ کے ہوتے ہیں-
نورہ ایک مہینے میں تین سے پانچ فن پارے تیار کرتی ہے-ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ’وہ پیدائشی فنکارہ ہیں‘۔
نورہ نے مختلف نمائشوں میں اپنے فن پارے پیش کرکے دنیا کو اس فن سے روشناس کرایا جس میں ایک نابینا آرٹسٹ اپنے ماحول کو دیکھ کر اجاگر کرتا ہے-
نورہ کی خوبی یہ ہے کہ وہ اشیا کے لمس سے ہی اپنی ذہنی صلاحیت کے بل پر تصوراتی خاکے کو صفحہ قرطاس پرمنتقل کر دیتی ہیں۔
ان کے بنائے ہوئے فن پارے دیکھنے والوں کو یقین نہیں آتا کہ یہ فن پارے کسی ایسی لڑکی کے بنائے ہوئے ہیں جو بینائی سے محروم ہے-
فن پاروں کے مشاہدے سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ جو فن پارہ تیار کیا ہے وہ اس کی جملہ تفصیلات کا مشاہدہ کیے ہوئے ہے حالانکہ نورہ دنیا کے مشاہدے سے محروم ہے-
نورہ حمود سے دریافت کیا گیا کہ فن پارے کس طرح بناتی ہیں؟
اس کا جواب دیتے ہوئے نورہ نے کہا ’میں چھوٹی تھی تو اپنے گھر کی دیواروں پر کوئلے سے اپنے تصورات کو فن پاروں کی شکل دیا کرتی تھی- میری والدہ نے حوصلہ افزائی کی- اب میں مختلف فن پاروں کی شکل میں اپنے تخیلات اور تصورات کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتی ہوں- مجھے ستاروں، سیاروں اور کہکشاؤں کو مرتسم کرنے کا شوق ہے- میں اپنے اطراف کے بارے میں جو کچھ سوچتی ہوں اسے بھی فن پاروں کی شکل دے دیتی ہوں‘-
نورہ چہرے کو ہاتھ سے چھو کر مختلف شخصیات کے خاکے بھی تیارکرتی ہیں- یہ کام محنت اور دقت طلب ہے اس میں زیادہ وقت لگتا ہے-
نورہ کا کہنا ہے کہ اب رنگوں کی رہنمائی کرنے والے آلات بھی آگئے ہیں- ان کی مدد سے میں رنگوں کا انتخاب کرتی ہوں بعض اوقات میرے آس پاس موجود لوگ بھی رنگوں کے سلسلے میں میری رہنمائی کرتے ہیں-
نورہ موبائل کا استعمال بڑی تیزی سے کرتی ہیں- وڈیو کلپس کا انتخاب نابیناؤں کے ایپ کی مدد سے کسی انسانی تعاون کے بغیر ازخود کر لیتی ہیں-