پاکستان کے لیے برٹش ایئرویز کے آپریشن بحال ہونے کا امکان
پاکستان کے لیے برٹش ایئرویز کے آپریشن بحال ہونے کا امکان
منگل 28 جولائی 2020 13:23
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
برٹش ایئرویز کا اگست سے پروازیں بحال کرنے کا امکان ہے (فوٹو: اے ایف پی)
برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں برٹش ایئرویز نے پاکستانی حکام سے انتظامات مکمل کرنے سے متعلق یقین دہانی مانگی ہے۔
برٹش ایئرویز نے اسلام آباد ایئرپورٹ مینیجر سے انتظامات کے حوالے سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی اور دیگر سہولیات شروع کرنے کے بارے میں بتایا جائے۔
اس کے علاوہ ایئرویز کے زیر استمال گیٹ اور لاؤنجز کی صورت حال سے متعلق بھی دریافت کیا گیا ہے۔
برٹش ایئرویز نے کہا ہے کہ پاکستانی حکام تصدیق کریں کہ برٹش ایئرویز کے جہاز سے منسلک فکس بریجز محفوظ ہیں۔
پاکستان کی جانب سے یقین دہانی کروائے جانے کے بعد اگست سے برٹش ایئرویز کا پاکستان کے لیے فضائی آپریشن دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ برٹش ایئرویز نے جون 2019 میں طویل عرصے بعد پاکستان کے لیے فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا جو کہ کورونا وائرس کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔
برٹش ایئرویز نے 11 برس بعد پاکستان کے لیے اپنی سروس کا دوبارہ آغاز کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کو پاکستان کی حکومت کی جانب سے بڑی پیش رفت اور کامیابی قرار دیا گیا تھا۔
برٹش ایئرویز نے اسلام آباد سے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے ہفتے میں تین فلائٹس چلانے کا اعلان کیا تھا۔ برٹش ایئرویز نے کہا تھا کہ فلائٹس کے لیے جدید ترین جہاز بوئنگ 787 ڈریم لائنر استعمال کیا جائے گا۔
سنہ 2008 میں اسلام آباد میں میریٹ دھماکے کے بعد برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لیے اپنی فضائی سروس معطل کر دی تھی۔
اسلام آباد میں برٹش ایئرویز کے نمائندے رابرٹ ولیم نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی صورت حال بہتر ہونے پر کمپنی نے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برٹش ایئر ویز کے اس اعلان کے بعد بعض ماہرین نے خدشے کا اظہار کیا تھا کہ برٹش ایئر ویز کی براہ راست پروازوں کا نقصان قومی ایئر لائن پی آئی اے کو ہو سکتا ہے۔
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے برطانیہ کے لیے ہفتے میں لگ بھگ 22 پروازیں آپریٹ کرتی تھی۔ اس منافع بخش روٹ پر 11 سال بعد پی آئی اے کی اجارہ داری ختم ہو گئی تھی۔