تین برس قید اور تین لاکھ مصری پونڈ جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے ( فوٹو سوشل میڈیا)
مصری عدالت نے ٹک ٹاک سٹار منارسامی کو تین برس قید اور جرمانےکی سزا سنائی ہے۔ ٹک ٹاک وڈیوز کے ذریعے غیر اخلاقی مواد کی تشہیر کا الزام ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بھی مصری عدالت نے غیر اخلاقی ٹک ٹاک وڈیوز کے حوالے سے پانچ مصری لڑکیوں کو قید کی سزا سنا ئی تھی۔ منار سامی چھٹی ٹک ٹاک سٹار ہے جسے سزا سنائی گئی۔
عدالت نے ٹک ٹاک سٹارز پر فرد جرم سناتے ہوئے کہ تھا کہ ’انہوں نے معاشرتی اقدار، اخلاق کے منافی اور خاندانی روابط کی بیخ کنی کرنے والا مواد شیئر کیا ہے۔
اے ایف پی اور مصری میڈیا کے مطابق طنطا عدالت نے منار سامی کو تین برس قید بامشقت اور تین لاکھ مصری پونڈ جرمانے کی سزا کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے 20 ہزار پونڈ زرضمانت جمع کرانے پر منار سامی کو سزا کے حوالےسے سٹے آرڈر بھی دیا ہے۔ ٹک ٹاک سٹار ابھی تک زیر حراست ہے۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ٹک ٹاک سٹار زر ضمانت جمع کرائے تو اس کی سزا معطل ہو سکتی ہے۔
مصری حکام نے 30 سالہ منار سامی کو ماہ رواں کے شروع میں قاہرہ کے شمالی صوبے القلیوبیہ سے گرفتار کیا تھا۔ پبلک پراسیکیوشن نے اس پربیہودگی پھیلانے اورجذبات بھڑکانے کے الزامات عائد کیے تھے۔
عدالتی ذرائع کے مطایق ٹک ٹاک سٹار مقبول گانوں پر رقص اور لپ سنگنگ کی وڈیو کے ذریعے بیہودگی پر اکسا رہی تھی۔ پرسکیوٹرز نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی وڈیو عدالت میں پیش کی ہیں۔