غیر ملکی ورکرز اور بینکوں کے باہر لوگوں کو لوٹنے والے پکڑے گئے
غیر ملکی ورکرز اور بینکوں کے باہر لوگوں کو لوٹنے والے پکڑے گئے
بدھ 29 جولائی 2020 21:25
قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔ (فوٹو سبق)
سعو دی عرب کے مشرقی ریجن میں پولیس نےغیرملکی ورکرز کو لوٹنے، گھروں میں چوری کی وارداتیں کرنے اور جیب کاٹنے والے تین ملزمان کو گرفتارکیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کے معاون ترجمان محمد الدریھم نے بتایا کہ تینوں ملزمان مقامی شہری ہیں۔ دمام شہر کے مختلف محلوں میں 68 وارداتیں کی تھیں۔
ترجمان نے کہا کہ پولیس کو ایک عرصے سے ان کی تلاش تھی۔ گھروں میں وارداتوں، غیرملکی ورکرز کو لوٹنے کے باعث شہر بھر میں بدامنی کا ماحول تھا۔
پولیس نے تینوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیاہے۔
دریں اثنا ریاض پولیس کے معاون ترجمان خالد الکریدیس نے کہا ہے کہ پولیس نے تین جرائم میں ملوث 2 ایتھوپین کو گرفتار کرلیا۔ پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ ایتھوپین سرحدی قانون کی خلاف ورزی کرکے ملک میں داخل ہوئے تھے۔ بینکوں سے نکلنے والے افراد کو لوٹ رہے تھے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پولیس نے انہیں ریاض کے متعدد محلوں میں بینکوں کے اطراف بار بار گھومتے ہوئے دیکھ کر شبے میں حراست میں لیا تھا۔
جب پولیس نے انہیں رکنے کے لیے کہا تو ان میں سے ایک نے بغدہ نکال کر سیکیورٹی اہلکار پر حملے کی کوشش کی۔
تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ دونوں مسروقہ کار استعمال کرکے وارداتیں کررہے تھے۔ بینکوں کے کھاتے داروں کو لوٹنے کی تین وارداتیں کرچکے تھے۔ تین لاکھ ریال جمع کیے ہوئے تھے۔ملزمان کو ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔
مکہ مکرمہ ریجن کی پولیس نے جدہ کے ایک گودام سے سامان چوری کرنے والے بارہ رکنی غیرملکی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ پولیس کے ترجمان محمد الغامدی نے بتایا کہ چوروں کے گروہ میں 7 سوڈانی ، تین یمنی، ایک پاکستانی اور ایک بنگلہ دیشی شامل تھے۔
تارکین وطن نے جدہ کے گودام سے دو لاکھ ریال مالیت کا سامان چوری کیا تھا- مسروقہ سامان بازیاب کرلیا گیا۔ ملزمان کو۔ قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔