ریاض میں کیبل چور گروہ گرفتار، 250 وارداتوں کا اعتراف
ملزمان نے 37 لاکھ ریال مالیت کے کیبل چرائے(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض میں پولیس نے بجلی کمپنی کے کیبل اور کٹ آوٹ چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان نے 250 وارداتوں کا اعتراف کرلیا۔
ریجنل معاون پولیس ترجمان میجر خالد الکریدیس نے سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کو بتایاکہ ملزمان نے ریاض کے مختلف علاقوں میں بجلی کمپنی کی تنصیبات اور گوداموں سے کیبل اور سرکٹ بریکرز چرائے اور انہیں فروخت کیا۔
ملزمان نے جو وارداتیں کیں ان میں انہوں نے 37 لاکھ 50 ہزار ریال مالیت کا سامان چرایا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سات رکنی گروہ بنگلہ دیشی اور پاکستانی ملزمان پر مشتمل ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ملزمان کے قبضے سے بعض مسروقہ سامان اور واردات میں استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد ہوئے جو انہوں نے ریاض کے نواحی علاقے کے فارم ہاوس میں چھپارکھے تھے۔
ملزمان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرکے انہیں محکمہ تحقیقات کے حوالے کردیاگیا ہے جہاں ان کا چالان مکمل کرنے کے بعد مقدمہ عدالت میں پیش کیاجائے گا۔