Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ: لاکھوں کی کیبل چوری کرنے والے پاکستانی گرفتار

گروہ نے مجموعی طور پر 90 لاکھ 70 ہزار ریال مالیت کے کیبل چوری کئے ہیں (فوٹو: سبق)
مدینہ پولیس نے کیبل چور کرنے والے 20 پاکستانیوں کے گروہ کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے اب تک متعدد شہروں سے 90 لاکھ 70 ہزار ریال مالیت کی کیبل چوری کی ہے۔
کیبل چور گروہ نہ صرف زیر تکمیل حکومتی منصوبوں سے کیبل چوری کی وارداتوں میں ملوث تھا بلکہ منصوبوں پر کام کرنے والے افراد اور چوکیداروں پر حملے کرتا تھا، انہیں رسیوں سے باندھ کر تشدد کرتا تھا۔ گروہ کے افراد اپنے ہی ایک ساتھی کو قتل بھی کرچکے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مدینہ پولیس کے ترجمان میجر حسین القحطانی نے بتایا کہ ’متعدد شہروں کی پولیس اس گروہ کی تلاش میں تھی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’گروہ کے افراد نے مدینہ منورہ، ینبع، مکہ مکرمہ، جدہ، طائف اور حائل میں 21 وارداتیں کی ہیں‘۔

گروہ کے افراد نے پیسوں کی تقسیم پر اختلاف کے باعث اپنے ساتھی کو قتل کیا، فوٹو: سبق

پولیس نے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ایک واردات کے بعد گروہ کے افراد نے پیسوں کی تقسیم پر اختلاف کے باعث جدہ میں اپنے ساتھی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو جلا کر دفن کر دیا تھا‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’گرفتار افراد کی تعداد 20 ہے اور سب کا تعلق پاکستان سے ہے۔ ان کی عمریں 30 اور 40 کے درمیان ہیں‘۔
ترجمان نے کہا ہے کہ ’تفتیش کے دوران گروہ کے افراد نے 21 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ گروہ ہائی وولٹیج کیبل چوری کرنے میں مہارت رکھتا تھا۔ اب تک مجموعی طور پر اس نے 90 لاکھ 70 ہزار ریال مالیت ک کیبل چوری کی ہے‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’پولیس کو ایک عرصے سے اس گروہ کی تلاش تھی۔ متعدد شہروں کی پولیس نے مشترکہ کارروائی کر کے اس گروہ کو گرفتار کیا‘۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: