ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد افراد پر 18 ہزار ریال جرمانہ کیا گیا (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں الجوف ریجن میں کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر متعدد افراد کے خلاف 18 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
عاجل ویب نیوز کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر شخص کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک پہنے یا رومال سے اپنا منہ اور ناک کو ڈھک کر رکھیں۔
عوامی مقامات پر ماسک استعمال نہ کرنے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ الجوف ریجن کے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ریجن میں پولیس ٹیموں کو خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں جن کے مطابق ہر اس شخص پر جوعوامی مقامات پر مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ماسک استعمال نہ کرے یا منہ اور ناک کو رومال سے نہ ڈھکے اس پر خلاف ورزی درج کی جائے۔
ریجن میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران بھی پولیس ٹیمیں سرگرم رہیں اور مارکیٹوں کے علاوہ مختلف مقامات پر ماسک کی پابندی کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔
ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ تفتیشی ٹیمیں اپنا کام جاری رکھیں گی کیونکہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال انتہائی اہم ہے۔
واضح رہے کہ وزارت صحت نے سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے مختلف احکامات صادر کیے ہیں جن پرعمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔
اس ضمن میں دکانوں اور تجارتی مراکز کو بھی پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے مراکز میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے نشانات وضع کریں اور مقررہ حد سے زیادہ افراد کو دکانوں کے اندر نہ آنے دیا جائے تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جا سکے۔