Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سُشانت کیس: 'ریا چکربورتی کو حراست میں لیا جا سکتا ہے'

ریا چکربورتی کا کہنا ہے کہ سچ سامنے آکر رہے گا (فوٹو: سوشل میڈیا)
سشانت سنگھ راجپوت کی اچانک موت سے ان کے مداح صدمے سے دوچار ہیں اور وہ ان کی خودکشی کو قتل قرار دے رہے ہیں۔ بظاہر تو یہ معاملہ خودکشی کا لگتا ہے لیکن اب اس کیس کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں کیونکہ 'زندگی سے بھرپور' سمجھے جانے والے نوجوان اداکار کا زندگی سے اس قدر مایوس ہو جانا نہ صرف ان کی قریبی شخصیات بلکہ ان کے چاہنے والوں کے لیے بھی حیران کن بات ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس تمام معاملے میں سب سے زیادہ نام جس شخصیت کا لیا جا رہا ہے وہ ہیں سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی۔
سوشل میڈیا پر سشانت سنگھ راجپوت کے مداح ان کی موت کا ذمہ دار ریا چکربورتی کو ٹھہرا رہے ہیں اور اب سشانت سنگھ کے اہل خانہ کی جانب سے ریا کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ان کی گرفتاری کے مطالبے نے زور پکڑ لیا ہے۔
بہار پولیس کے سینیئر افسر وینے تیواری نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی کو حراست میں لیا جا سکتا ہے۔

سشانت سنگھ راجپوت کے والد نے ریا چکربورتی کے خلاف مقدمہ دائر کروایا تھا (فوٹو: انسٹاگرام)

انہوں نے بتایا کہ ریا کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اگرچہ ان کا ابھی ریا کی گرفتاری کا کوئی ارادہ نہیں تاہم اگر ضرورت پڑی تو انہیں حراست میں لیا جا سکتا ہے۔
وینے تیواری نے مزید بتایا کہ گذشتہ چند دنوں میں بہت سے لوگوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
ریا چکربورتی اور سشانت کے تعلقات کے حوالے سے پہلے تو کچھ بھی واضح نہیں تھا کیونکہ دونوں نے کبھی بھی اس بارے میں بات نہیں کی تاہم سشانت کی موت کے بعد ریا نے بتایا تھا کہ وہ ان کی گرل فرینڈ ہیں۔
کچھ روز قبل جب مقدمے کی تفتیش کے لیے بہار کی پولیس مہاراشٹر پہنچی تو ریا چکربورتی غائب تھیں، تاہم کچھ دن بعد ہی ان کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی قانونی ٹیم کی وجہ سے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہیں قانون پر پورا بھروسہ ہے، اور وہ اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ سچ سامنے آکر رہے گا۔
سشانت سنگھ راجپوت کے والد نے اپنے بیٹے کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکربورتی کے خلاف ریاست بہار کے ایک تھانے میں مقدمہ درج کروایا تھا۔

ریا چکربورتی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی قانونی ٹیم کی وجہ سے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)

سشانت سنگھ کے والد نے نہ صرف اپنے بیٹے کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی بلکہ ان کے اہل خانہ کو بھی مقدمے میں نامزد کیا تھا۔
ایف آئی آر میں سشانت سنگھ کے والد نے ریا چکربورتی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ نے ان کے بیٹے کو اپنے قابو میں کرکے اپنے والدین سے بھی دور رکھا۔ 
اداکار کے والد نے دعویٰ کیا تھا کہ ریا چکربورتی ان کے  بیٹے کو بلیک میل کرتی رہیں اور ان کا بینک اکاؤنٹ تک دیکھتی رہیں۔
واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی تھی۔

شیئر: