سُشانت کیس: مہیش بھٹ اور کرن جوہر کے منیجر طلب
اتوار 26 جولائی 2020 15:59
مہیش بٹ کے علاوہ کرن جوہر کے مینیجر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ کے ڈائریکٹر مہیش بھٹ اور فلم ساز کرن جوہر کے مینیجر کو سُشانت سنگھ کی موت پر تحقیقات کے لیے بلایا جائے گا۔
انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے انیل دیشمکھ کا کہنا تھا کہ 'کل مہیش بھٹ کو سوالات کے لیے بلایا جائے گا اور پھر ہم کرن جوہر کے منیجر کو بھی بلائیں گے۔ اگر ضرورت پڑی تو کرن جوہر کو بھی سُشانت سنگھ راجپوت کے کیس میں بلایا جائے گا۔'
واضح رہے کہ سُشانت سنگھ راجپوت جون 14 کو ممبئی کے علاقے باندرا میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے خودکشی کی۔
سُشانت سنگھ کی موت کے ایک دن بعد بالی وڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک دو منٹ کی ویڈیو میں سُشانت سنگھ کی تعریف کی اور الزام لگایا کہ وہ انڈین فلم انڈسٹری میں اقربا پروری کا نشانہ بنے۔
ممبئی پولیس نے کنگنا رناوت کو کیس کے سلسلے میں طلب کیا تاہم انہیں نے کہا کہ وہ ہماچل پردیش میں ہونے کی وجہ سے ممبئی میں پولیس سٹیشن میں نہیں جا سکیں گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فلم ناقد راجیو مساند، ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی اور فلم ساز آدتیا چوپڑا سمیت 39 افراد کو تحقیقات میں شامل کیا جا چکا ہے۔