سُشانت سنگھ کی دوست ریا چکربورتی گھر سے 'لاپتہ'
جمعہ 31 جولائی 2020 10:40
رپورٹس کے مطابق ریا اینٹی سپیٹری بیل درج کروانا چاہتی تھیں۔ فوٹو: انسٹاگرام
حال ہی میں بالی وڈ کے اداکار سُشانت سنگھ کی موت کے بعد پولیس حکام نے کئی لوگوں کو بیان کے لیے طلب کیا جبکہ ان کی دوست ریا چکربورتی کے خلاف کیس درج ہوا.
جب پولیس نے چکربورتی کے گھر چھاپہ مارا تو وہ لاپتہ تھیں۔
انڈین خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سُشانت سنگھ کی ہلاکت کے بعد ان کے والد نے ان کی دوست ریا چکربورتی کے خلاف ایف آئی آر انڈیا کی ریاست بہار کے شہر پٹنا میں درج کروائی جس کے بعد بہار پولیس نے ممبئی میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔
واضح رہے کہ سُشانت سنگھ راجپوت جون 14 کو ممبئی کے علاقے باندرا میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے خودکشی کی۔
سُشانت سنگھ کی موت کے ایک دن بعد بالی وڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک دو منٹ کی ویڈیو میں سُشانت سنگھ کی تعریف کی اور الزام لگایا کہ وہ انڈین فلم انڈسٹری میں اقربا پروری کا نشانہ بنے۔
سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کیس میں کنگنا رناوت کو ممبئی پولیس نے سمن جاری کیے ہیں جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس کیس میں پولیس کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروائیں۔ ان کے بعد ہدایتکار مہیش بھٹ کو بھی بیان کے لیے طلب کیا گیا تھا۔