Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا متاثرین کا پتا لگانے کے لیے ’جاسُوس کُتے‘

کورونا وائرس کی شناخت کا تجربہ کافی کامیاب رہا (فوٹو: سعودی کسٹم ٹوئٹر)
 سعودی عرب میں بھی ہوائی اڈوں اور سرحدی چوکیوں پر کورونا متاثرین کا پتا لگانے کے لیے تربیت یافتہ ’جاسوس کتوں‘ کی مدد لی جائے گی جو اپنے سونگھنے کی حس سے یہ معلوم کرسکیں گے کہ آنے والا مسافر کورونا پازیٹو ہے یا نہیں۔ 
العربیہ نیوز نے الاخباریہ چینل پر ’حیوانی وسائل مرکز‘ کے ڈائریکٹر عبداللہ السلوم کے انٹرویو کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’حیوانی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے اہم ترین چیزوں کا سراغ لگایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ کسٹم کافی عرصے سے جاسوس کتوں کو مختلف معاملات میں استعمال کر رہا ہے جس کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں‘۔ 
’سینٹر کی جانب سے کووڈ 19 کے مریضوں کا  پتا لگانے کے لیے کچھ عرصہ قبل جاسوس کتوں کو تربیت دی گئی جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ 

ان کتوں میں شناخت اور سونگھنے کی حس تیز ہوتی ہے (فوٹو: سعودی کسٹم ٹوئٹر)

قومی مرکز میں شعبہ ٹریننگ کے سپروائزرماہر المحیش نے بتایا کہ مخصوص نسل کے جاسوس کتوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے تربیت دی گئی ہے۔ ان کتوں میں سونگھنے اور شناخت کرنے کی حس کافی تیز ہوتی ہے جس کے ذریعے فوری نتائج سامنے آتے ہیں۔ 
مخصوص کتوں میں سونگھنے کے 125 ملین خلیے ہوتے ہیں اور یہ 40 فٹ زیر زمین بُو کو بھی سونگھ سکتے ہیں۔ ان جاسوس کتوں کو مزید تربیت دے کر مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ 
دریں اثنا ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق محکمہ کسٹم میں امن عامہ کے امور کے ڈائریکٹر عبدالملک العبید کا کہنا تھا کہ ’ پولیس کے زیر استعمال جاسوس کتوں کے ذریعے کورونا وائرس کی شناخت کا تجربہ کافی کامیاب رہا۔ ان جاسوس کتوں کو بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے بعد کورونا کیسز کی شناخت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 

مختلف نسل کے کتوں کو کورونا کے حوالے سے تربیت دی گئی ہے (فوٹو: سعودی کسٹم ٹوئٹر)

انہو ں نے اپنے انٹرویومیں مزید کہا کہ آئندہ کا پروگرام جسے ’محفوظ واپسی‘ کا عنوان دیا گیا کے دوران بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے بعد مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے جاسوس کتوں کا استعمال کیا جا سکے گا۔ 
اس حوالے سے قومی مرکز کے تحت مختلف نسل کے جاسوس کتوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے اعلٰی تربیت دی ہے جو کافی کامیاب رہی۔ 
واضح رہے کہ سعودی کسٹم نے اس حوالے سے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاسوسی کے لیے مخصوص کتوں کی ویڈیو بھی اپ لوڈ کی ہے جس میں انہیں تربیت دینے کے مختلف مراحل کو دکھایا گیا ہے۔ 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: