یہ ہیں کمپنی کے نئے سیلز مین
کتے نے اپنے دوستانہ رویے سے لوگوں کے دل جیتے (فوٹو: ہنڈائی پرائم)
پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آوارہ کتوں کو بے دردی سے مار دیا جاتا ہے اور جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں اس پر تشویش کا اظہار کرتی ہیں۔
تصور کریں کہ آپ کسی کار شو روم میں کار خریدنے کے لیے جائیں اور آگے گلے میں ایمپلائی کارڈ لٹکائے ایک پُراعتماد کتا آپ کو خوش آمدید کہے، میٹنگ میں شامل ہو اور آپ سے پیار بھی کرے۔
برازیل میں کاریں بنانے والی ایک کمپنی نے ایک آوارہ کتے کو سیلز مین کی نوکری دے کر ایک انوکھی مثال قائم کی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق برازیل میں ٹکسن پرائم نامی یہ کتا اکثر ہنڈائی کے شوروم کے اردگرد دیکھا جاتا تھا، اور اس نے جلد ہی شو روم کے ملازمین کے ساتھ دوستی بنا لی۔
بعد ازاں کتے کے دوستانہ رویے کو دیکھتے ہوئے کمپنی نے اسے اعزازی نوکری دے دی اور ایک کارڈ بھی دیا جس پر ٹکسن پرائم کا نام لکھا ہوا ہے۔ اب اس کی پروموشن کار سلیزمین کے طور پر ہو گئی ہے۔
اس کتے کو شہرت اس وقت ملی جب ہنڈائی برازیل نے انسٹاگرام پوسٹ کی اور اس میں کتے کی تصویریں بھی شامل کیں اور لکھا کہ ’ہنڈائی پرائم برازیل کے ملازم ٹکسن پرائم سے ملیے۔ ہمارا نیا ممبر ایک سال کا ہے، اسے ہنڈائی فیملی میں خوش آمدید کہا گیا ہے اور اس نے ہمارے ملازمین اور گاہکوں کے دل جیت لیے تھے۔‘
چند ماہ قبل اس کتے کے لیے انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا گیا جسے 28 ہزار سے زیادہ صارفین فالو کرتے ہیں۔ انسٹاگرام پر پوسٹ کی جانے والی تصویروں میں دکھایا جاتا ہے کہ ٹکسن سخت محنت کر رہا ہے، میٹنگز میں شامل ہو رہا ہے اور لوگوں کو خوش آمدید بھی کہہ رہا ہے۔
برازیل میں کسی آوارہ جانور کو ملازمت دینے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گذشتہ برس ایک اور کمپنی کی عمارت میں ایک آوارہ بلی نے شدید طوفان میں پناہ لی تھی اور پھر اس کمپنی نے بلی کو ملازمت دے دی تھی۔