Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 پانچ غذائی ادارے بند، 150 کلو گرام پھل ضبط

عملہ اور گاہک حفاظتی ماسک اور دستانوں کی پابندی نہیں کررہے تھے- فوٹو اخبار 24
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے بازاروں اور غذائی اشیا فراہم کرنے والے اداروں پر چھاپے مار کر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور اداروں کے خلاف کارروائی کردی-
اخبار 24 کے مطابق میونسپلٹی کے ماتحت بلدیاتی کونسلوں کی تفیشی ٹیموں نے 150 کلو گرام پھل ضبط کرکے فلاحی انجمن کے  حوالے کردیے- میونسپلٹی قانون کے بموجب غیرقانونی طریقے سے پھل اور سبزیاں فروخت کرنے والوں پر چھاپے کے نتیجے میں برآمد ہونے والے پھل اور سبزیاں فلاحی انجمنوں کے حوالے کردیے جاتے ہیں-
مکہ کی الغزہ بلدیہ نے متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آنے پر پانچ غذائی ادارے سربمہر کردیے- تفتیشی کارروائی سے پتہ چلا تھا کہ غذائی ادارے جن عمارتوں میں کھلے ہوئے ہیں وہ حفظان صحت کے ضوابط پر پوری نہیں اتر رہی ہیں جبکہ کھانے پینے کی اشیا کے لین دین کا طریقہ بھی غیر معیاری پایا گیا- اداروں میں کام کرنے والے  ورکرز کے پاس ہیلتھ سرٹیفکیٹ بھی نہیں تھے- صفائی کا معیار انتہائی گھٹیا تھا جبکہ سامان لانے، لے جانے اور ذخیرہ کرنے کی کارروائی غلط طریقے سے  انجام دی جارہی تھی-
المعابدۃ بلدیاتی کونسل نے کئی بیکریاں متعدد خلاف ورزیوں کی وجہ سے بند کرادیں- چھاپے کے دوران پتہ چلا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے ضوابط نظر انداز کیے جارہے ہیں- عملہ اور گاہک حفاظتی ماسک اور دستانوں کی پابندی نہیں کررہے ہیں- سپلائی کا معیار خراب ہے- بیکریوں میں زیر استعمال آلات بے حد پرانے ہوگئے ہیں-
یاد رہے کہ مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ماتحت تمام بلدیاتی کونسلیں ان دنوں تمام بازاروں خصوصا خوراک اشیا فروخت کرنے والے اداروں پر وقتا فوقتا چھاپے مار رہے ہیں تاکہ غیرقانونی سرگرمیوں کا سدباب کیا جاسکے اور غیرمنظم طریقے سے لگائی گئی عارضی دکانیں بند کرائی جاسکیں-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: