Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ماہانہ سوا لاکھ ڈاؤن لوڈ سٹیزن پورٹل پر عوام کا اعتماد ہے‘

پاکستان سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 28 لاکھ ہوگئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
عوامی شکایات کے ازالے کے لیے وزیراعظم آفس کی جانب سے لانچ کی گئی ایپ پاکستان سٹیزن پورٹل ماہانہ ایک لاکھ 25 ہزار لوگ ماہانہ ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں۔
خیبرپختونخوا سے سب سے زیادہ 45 فیصد شکایات کنندگان نے مثبت ردعمل دیا ہے۔ گلگت بلتستان دوسرے، پنجاب تیسرے اور سندھ چوتھے نمبر ہے۔
41 فیصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی سٹیزن پورٹل کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اردو نیوز سے گفتگو میں وزیراعظم آفس ڈیلیوری یونٹ کے سربراہ عادل صافی نے بتایا کہ ’سٹیزن پورٹل تجارتی یا گیم ایپ نہیں بلکہ سروس ڈیلیوری کی ایپ ہے۔ اگر وہ ماہانہ بنیادوں پر اتنی بڑی تعداد میں ڈاؤن لوڈ ہو رہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ لوگ اس پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں کہ اس کے ذریعے ان کے مسئلے حل ہو رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس ایپ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس پر رسپانس لازمی ملتا ہے۔ اگر وہ شکایت کرتے ہیں تو اعلی سطح کے افسر کی جانب سے ان کی شکایت پر ردعمل میں آتا ہے۔ اگر شکایت حل ہوتی ہے تب بھی اور اگر کسی قانون کی وجہ سے وہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا تو بھی ایک باعزت طریقے سے شہری کو آگاہ کیا جاتا ہے۔‘
عادل صافی کے مطابق چھ  لاکھ  شہریوں نے سٹیزن پورٹل کے ذریعے ریلیف ملنے کی تصدیق کردی ہے۔ اگر چھ لاکھ لوگوں کو مختصر عرصے میں گھر بیٹھے انصاف ملتا ہے۔ انہیں سرکاری دفتروں میں دھکے نہیں کھانے پڑتے اور ان کی عزت نفس بھی مجروح نہیں ہوتی تو یہ اس نظام کی بڑی کامیابی ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ وزیر اعظم اس نظام کو خود مانیٹر کرتے اور دیکھتے ہیں۔‘
ان کے مطابق حل کی گئی شکایات میں لوگوں کی کروڑوں کی جائیداد پر قبضے اور لاکھوں روپے کے فراڈ کے کیس بھی تھے جو عام حالات شاید کبھی حل نہ ہوتے لیکن اس پورٹل کی وجہ سے ان کو ریلیف ملا۔

وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ کے مطابق کہ عوام ایپ پر اعتماد کر رہے ہیں (فوٹو: روئٹرز)

دوسری جانب وزیر اعظم آفس کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل کے ماہانہ اعدادوشمار جاری کیے گئے ہیں۔ جن کے مطابق ‏پاکستان سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 28 لاکھ ہوگئی ہے جبکہ ‏15لاکھ شہریوں کا پاکستان سٹیزن پورٹل پر اظہار خیال بھی کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ‏اندراج شدہ شکایات کی تعداد23 لاکھ جبکہ حل شدہ شکایات کی تعداد  22 لاکھ ہے۔ ‏پنجاب کی دس لاکھ 38 ہزار 351 شکایات میں سے نو لاکھ 76 ہزار 482 حل کی جا چکی ہیں۔ وفاق کی آٹھ لاکھ 75 ہزار 26 شکایات میں سے سات لاکھ 81 ہزار 94 شکایات حل کی گئی ہیں۔
 خیبر پختونخوا میں دو لاکھ 66 ہزار 276، سندھ میں ایک لاکھ  49 ہزار 898، بلوچستان کی 20 ہزار31 شکایات حل کی گئیں۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق ایک لاکھ 61 ہزار 681 اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل کا موثر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی ایک لاکھ سات ہزار 555 شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا ہے۔
سب سے زیادہ تاخیر شدہ شکایات کا تعلق سندھ سے ہے جن کی کل تعداد 10 ہزار ہے۔ پورٹل ایپ پر شکایات کے حوالے سے صوبائی کارکردگی کے لحاظ سے 45 فیصد کے ساتھ خیبر پختونخوا سرِفہرست ہے۔ پنجاب میں 38 فیصد، بلوچستان میں 35 فیصد عوام نے شکایات کے حل پر اطمینان کا اظہار کی ہے۔
وفاقی اداروں کی کارکردگی میں وزارت ماحولیات 57 فیصد عوامی اطمینان کے ساتھ سب سے آگے ہے۔

شیئر: