سٹیزن پورٹل پر اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کیا ہیں؟
سٹیزن پورٹل پر اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کیا ہیں؟
بدھ 27 نومبر 2019 21:35
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
جدہ سے زیادہ تر ارسال کی جانے والی شکایات پراپرٹی سے متعلق ہیں
وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے تارکین وطن کے لیے آن لائن شکایات مرکز ’پاکستان سٹیزن پورٹل‘ میں اب تک جدہ قونصلیٹ کو موصول ہونیوالے زیادہ تر مسائل پاکستان میں جائیداد وں پر قبضے کے حوالے ہیں ۔
پاکستان قونصلیٹ کے ترجمان قونصل پریس ارشد منیر نے اردونیوز کوبتایا ’ پورٹل کے ذریعے براہ راست شکایات درج کرائی جاتی ہیں ۔موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد پاکستان میں موجود ذمہ دار کی جانب سے متعلقہ اداروں کو ارسال کی جاتی ہیں‘۔
جدہ سے زیادہ تر ارسال کی جانے والی شکایات پراپرٹی سے متعلق ہیں جن کے ازالے کے لیے قونصلیٹ کی جانب سے درخواست گزار کی شکایت وصول کر کے پاکستان میں اوورسیز کے ادارے کو ارسال کی جاتی ہیں جہاں سے معاملات کی پیروی کی جاتی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ’ وزیر اعظم پورٹل سے لوگوں کو یہ سہولت ہو گئی ہے کہ وہ گھر بیٹھے اپنی شکایات متعلقہ ادارے تک پہنچا دیتے ہیں جو افراد یہ پورٹل استعمال نہیں کر سکتے وہ مزید رہنمائی کے لیے قونصلیٹ کے شعبہ ویلفیئر سے رجو ع کر سکتے ہیں‘ ۔
’ گزشتہ 10 ماہ کے دوران پاکستان میں صرف زمینوں پر قبضے کے حوالے سے 238 درخواستیں موصول ہوئیں جن کے بارے میں قونصلیٹ کی جانب سے متعلقہ فریق کو اطلاع بھی فراہم کی گئی‘ ۔
قونصلیٹ میں موصول ہونے والی درخواستیں او پی ایف کو ارسال کی جاتی ہیں جہاں سے انہیں متعلقہ ڈسٹرکٹ کے ڈی پی او کو بھیجا جاتا ہے تاکہ معاملہ جلد از جلد حل کیاجاسکے ۔
قونصل پریس نے مزید کہا کہ ’ سٹیزن پورٹل مملکت میں مقیم ہم وطنوں کے مسائل کے حل کے لیے کافی مفید ثابت ہو رہا ہے ۔ تارکین وطن اپنے مسائل کے ساتھ ساتھ تجاویز بھی پورٹل پر ارسال کر سکتے ہیں ‘ ۔
واضح رہے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کے مسائل کو جلد از جلد حل کرانے کے لیے آن لائن شکایت مرکز قائم کیا ہے جس پر تارکین اپنے مسائل ارسال کر سکتے ہیں ۔
بیرون ملک سے پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں متعلقہ ملک کے سفارتخانے کو ارسال کیا جاتا ہے جہاں سے درخواست کو اپ لوڈ کیا گیا تھا تاکہ حل کے لیے سفارتخانہ اپنا بہترین کردار ادا کرے ۔
اطلاعات کے مطابق اب تک جدہ قونصلیٹ کو موصول ہونے والی سب سے زیادہ شکایات ان ہم وطنوں کی ہے جن کی پاکستان میں زمینوں پر قبضہ کر لیا گیا ہے ۔
قونصلیٹ میں سیٹزن پورٹل کے حوالے سے بینر مختلف مقامات پر آویزاں کیے گئے ہیں ۔