Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے یومِ آزادی کی پُروقار تقاریب

سعودی عرب میں جمعے کو پاکستان کا یوم آزادی کورونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر کے ساتھ سادگی مگر پروقار انداز میں سے منایا گیا ۔اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سب مل کر وطن عزیز کو ترقی کی منازل کی جانب گامزن کریں گے۔
سماجی فاصلے کی پابندیوں کے باعث تقاریب میں لوگوں کی شرکت کو کم سے کم  رکھا گیا تھا۔ ریاض اور جدہ میں سفارتی عملے اور میڈیا کی محدود تعداد شریک تھی۔
جمعے کی صبح ریاض میں پاکستانی سفارتخانے میں سفیر پاکستان راجا علی اعجاز اور جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ میں قونصل جنرل خالد مجید نے پرچم کشائی کی۔ اگرچہ لوگوں کی محدود نے شرکت کی تاہم تقریب میں شریک ہر چہرے پر آزادی کے دن کی چمک اور دل میں وطن سے محبت کا جذبہ بیدار نظر آیا۔ 
پاکستان کا سبز ہلالی قومی پرچم قومی ترانے کی دھن پر جیسے ہی فضا میں بلند ہوا تو شرکا کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ بعدازاں ریاض اور جدہ دونوں جگہ یوم آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹے گئے۔ صدراور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے کہا کہ ’آزادی کا دن ہمیں پاکستان کو اقوام عالم میں بلند مقام دلانے اور معاشی ترقی و خوش حالی کے علاوہ باوقار قوم بننے کا درس دیتا ہے تاکہ ہم ملکر پاکستان کو ترقی کی منازل کی جانب گامزن کریں‘۔

ریاض اور جدہ دونوں جگہ یوم آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹے گئے (فوٹو: اردو نیوز)

انہوں نے کہا کہ ’پاک، سعودی تعلقات نہ صرف تاریخی ہیں بلکہ ہمیشہ ٹھوس اور مضبوط بنیادوں پر قائم رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اوورسیرز پاکستانیوں کا کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے‘۔
جدہ میں قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں کمیونٹی کو یوم آزادی کی مبارک باد دی اور کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران احتیاطی تدابیر کی پابندی کرتے ہوئے ہم یوم آزادی سادگی سے منا رہے ہیں۔

صدراور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔(فوٹو اردونیوز)

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ یوم آزادی جدہ میں روایتی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ چہروں پر خوشیاں اور سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو نہ بھولیں جو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں پچھلے ایک سال سے محصور ہیں اور ظلم کا شکارہیں۔
سفیر پاکستان اور قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں پاکستان کی علاقائی اور عالمی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط تعلقات کا بھی ذکر کیا اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔
جدہ قونصلیٹ میں پریس قونصلر حمزہ گیلانی کا لکھا ہوا قومی نغمہ بھی پیش کیا گیا جسے شرکا نے بے حد پسند کیا۔

شیئر: