انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ جیسے ہی سائنسدانوں نے منظوری دی ملک میں کورونا کی ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع کر دی جائے گی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈین وزیراعظم نے سنیچر کو یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ وہ ہر شہری کے لیے ملک گیر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ لائے ہیں۔
نریندر مودی نے صحت اور معیشت میں خودکفالت کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے قرار دیا۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے انڈیا کے یوم آزادی کی تقریبات کو محدود کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
کورونا ویکسین کتنی موثر اور محفوظ؟Node ID: 498366
-
انڈیا اور پاکستان میں سائبر ٹیکنالوجی میں سبقت کس کی؟Node ID: 498446
-
انڈیا میں کورونا متاثرین 24 لاکھ کے قریبNode ID: 498516
دہلی کے لال قلعے سے اپنے خطاب میں انڈیا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'ایک، دو نہیں بلکہ ملک میں تین کورونا کی ویکسین کے تجربات کیے جا رہے ہیں۔'
روئٹرز کے مطابق نریندر مودی نے نارنجی اور سفید پگڑی پہنی ہوئی تھی اور تقریب کے دوران جب بھی کوئی ان کے قریب آتا تو وہ اسی رنگ کے ایک رومال سے اپنے منہ اور ناک کو ڈھانپ لیتے۔
انڈین وزیراعظم نے کہا کہ 'ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری کے ساتھ اس کو ہر شہری تک کم سے کم وقت میں پہنچانے کے لیے بھی روڈ میپ تیار ہے۔'
انڈیا کی ایک ارب 30 کروڑ آبادی کے لیے 'نیشنل ڈیجیٹل ہیلتھ مشن' کا افتتاح کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ اب ایک ہیلتھ آئی ڈی یا کارڈ کے تحت کسی بھی شہری کی بیماری، ٹیسٹ، ادویات اور صحت کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا۔
