Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس میں کورونا ویکسین کی پیداوار شروع

’ویکسین کی پیداوار اس ماہ کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سمیت دیگر ممالک میں کورونا وائرس کا دائرہ محدود ہو رہا ہے لیکن دنیا کے زیادہ تر ملکوں میں صورت حال ابھی تک کنٹرول میں نہیں آسکی اور وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد دو کروڑ 11 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور سات لاکھ 65 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
روس نے اپنی تیار کردہ کورونا ویکسین کی پیداوار شروع کردی ہے.عرب نیوز کے مطابق روس کا کہنا ہے کہ یہ ویکسین ماسکو گمالیا انسٹی ٹیوٹ نے تیار کی ہے اور یہ دنیا میں وائرس کی پہلی ویکسین ہے جو تیار کی جا رہی ہے اور اس کی پیداوار رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔
کچھ سائنس دانوں نے اس حکومتی اقدام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاید ماسکو نے حفاظت پر قومی وقار کو ترجیح دے دی ہے۔

 

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے منگل کو دعویٰ کیا تھا کہ روس نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی ہے جو کہ وائرس کے خلاف ’دیرپا ایمیونٹی‘ پیدا کرتی ہے۔
پوتن نے وزرا کے ساتھ ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی نیوز کانفرنس میں کہا کہ ’ آج صبح دنیا میں پہلی مرتبہ کورونا ویکسین روس میں رجسٹرڈ ہوئی۔‘
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا  کہ وہ روس میں تیار کی گئی کورونا کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کا جائزہ لینا چاہتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو روس میں پانچ ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 119 افراد ہلاک ہوئے۔
 روس میں متاثرین کی کُل تعداد نو لاکھ 17 ہزار سے بڑھ گئی ہے اور ہلاکتیں 15 ہزار 617 ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق برطانیہ میں جمعے کو نافذ کی جانے والی نئی پابندیوں کے تحت یورپ میں چھٹیاں منانے کے لیے جانے والے برطانوی شہریوں کو قرنطینہ کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

سنیچر کو جنوبی کوریا میں 166 نئے کیسز رپورٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

برطانوی حکومت نے سنیچر سے  فرانس اور نیدرلینڈز سے آنے والے مسافروں کے لیے 14 روزہ قرنطینہ لازمی قرار دے دیا تھا۔
برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ گرانٹ شیپس نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمیں کیسز کی تعداد کو کم رکھنے کے لیے فرانس، نیدرلینڈز، موناکو، مالٹا اور ترکی کو لسٹ سے نکالنا ہوگا۔‘
کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آنے کے بعد جنوبی کوریا نے سنیچر کو دارالحکومت سیول اور ارد گرد کے علاقوں میں پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔
ان پابندیوں میں سماجی فاصلہ قائم کرنا، اجتماعات پر پابندی اور کھیل کی سرگرمیوں پر پابندی شامل ہے۔
سنیچر کو جنوبی کوریا میں 166 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو مارچ کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے اور اس طرح ملک میں متاثرین کی کُل تعداد 15 ہزار 39 ہو گئی ہے اور اموات 305 ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کورونا کیسز کی تعداد ساڑھے 53 لاکھ سے بڑھ گئی ہے اور ہلاکتیں ایک لاکھ 68 ہزار 446 ہیں۔

میکسیکو میں کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 11 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

برازیل میں وبا سے اب تک 32 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اموات ایک لاکھ پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔
میکسیکو میں کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 11 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے اور 55 ہزار 908 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ جیسے ہی سائنس دانوں نے منظوری دی ملک میں کورونا کی ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع کر دی جائے گی۔
روئٹرز کے مطابق دہلی کے لال قلعے سے اپنے خطاب میں انڈیا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'ایک، دو نہیں بلکہ ملک میں تین کورونا کی ویکسین کے تجربات کیے جا رہے ہیں۔'
انڈیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 25 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 49 ہزار 36 ہو گئی ہے۔

شیئر: