سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل کا حملہ ناکام
میزائل کو ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا گیا۔(فوٹو عرب نیوز)
عرب اتحاد برائے یمن نے اتوار کو سعودی عرب پر حوثیوں کا ایک اور بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنایا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے پر حملے کے لیے بیلسٹک میزائل داغا تھا۔ اس کا ہدف شہری اور سول تنصیبات تھیں۔
ترجمان نے کہا کہ میزائل کو ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا گیا۔
اس سے ایک روز قبل عرب اتحاد نے بتایا تھا کہ حوثیوں نے یمنی دارالحکومت صنعا سے سعودی عرب پر بارود بردار ڈرونز حملے کیے تھے جنہیں موقع پر پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا گیا تھا- جمعرات کو بھی حوثیوں کے حملے کو ناکام بنایا گیا تھا۔