ڈرون کو ٹریس کرکے یمن کے علاقے میں ہی تباہ کردیا گیا ( فوٹو: عاجل)
عرب فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے ایک اور ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے اتحادی فوج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ سنیچر کی شام یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر دھماکہ خیز ڈرون سے حملہ کیا گیا۔
دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرون کو یمن کے دارالحکومت صنعا سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔ اتحادی افواج نے ڈرون کو ٹریس کرکے اسے یمن کے علاقے میں ہی تباہ کردیا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط پر کیے جانے والے میزائل حملے کو ناکام بنایا جا چکا ہے جبکہ گذشتہ ہفتے بھی اتحادی افواج نے باغیوں کی جانب سے بھیجے جانے والے ڈرون کوتباہ کیا تھا۔