سعودی عرب کے نجران ریجن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے بیلسٹک میزائل حملے کو ناکام بنایا گیا ہے۔
سعودی اتحادی فورسزکے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے نجران ریجن پر دا غے جانے والے بیلسٹک میزائل کو فضا ہی میں روک کر تباہ کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق عرب اتحادی فورسز کے ترجمان نے مزید کہا’حوثی باغیوں کی جانب سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائل کا ملبہ گرنے سے کچھ شہری زخمی ہوئے ہیں تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی‘۔
کرنل المالکی نے کہا کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی شہری آبادیوں کو متعدد بار نشانہ بنایا گیا ہے۔ نجران شہر پر 27 مئی 2020 کو ڈرون کے ذر یعے حملے کے بعد یکم جون کو بھی 2 ڈرون حملے کیے گئے جس کے بعد ہفتہ 13 جون کو نجران شہر پر داغا جانے والا میزائل حملہ ناکام بنایا گیا ۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یمن میں ایران نواز حوثی باغیون کی جانب سے مسلسل سعودی عرب کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
کرنل المالکی نے بتایا کہ اب تک حوثی باغیوں کی جانب سے 312 بیلسٹک میزائل حملے کیے گئے جنہیں راستے ہی میں روک کر ناکام بنایا جاچکا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اتحادی فورسز نے اس امر کی یقین دہانی کی ہے کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کےلیے جامع کارروائی کرتے ہوئے ان ٹھکانوں کو تباہ کیاجائے گا جہاں سے حوثی باغی سعودی عرب کی شہری آبادیوں پر حملے کرکے ان کی جان اور مال کو نشانہ بنارہے ہیں۔ یہ حملےعالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔