Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ ایکسپائر اور چھٹی ختم، واپسی کیسے ہوگی؟

خروج وعودہ یا خروج نہائی دونوں صورتوں میں پہلے اقامہ تجدید کرانا ہو گا (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات بتدریج معمول پر آرہے ہیں تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ 
 ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکام کی جانب سے اس بارے میں احکامات جاری ہوں گے مطلع کر دیا جائے گا۔ 
قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل کے حوالے سے مزید سوالات بھیجے ہیں۔
 خواجہ اظہر نے پوچھا ہے کہ چھٹی پر پاکستان آیا ہوا ہوں، ایک بار حکومت نے 3 ماہ کے لیے اقامہ تجدید کیا تھا دوسری بار اعلان کے مطابق ابھی تک اپ ڈیٹ نہیں ہوا۔ کیا میں واپس سعودی عرب جا سکوں گا؟ 
جواب: کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت میں تاحال بین الاقوامی پروازوں پرپابندی عائد ہے تاہم جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے حکومت کی جانب سے پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد وہ غیر ملکی جو کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں پرعائد پابندی کے باعث واپس نہیں آسکے تھے ان کی واپسی کے حوالے سے طریقہ کار کا اعلان کیا جائے گا۔ 
جہاں تک واپس آنے کا سوال ہے تو یہ بات یقینی ہے کہ سعودی حکومت ہمیشہ انسانی ہمدردی کے ضوابط کے مطابق لوگوں کو آسانیاں فراہم کرتی رہی ہے۔ اس لیے جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے اور پروازیں بحال ہونے کے بعد اس بارے میں بھی اعلان کیا جائے گا جسے اردونیوز میں فوری طور پر شائع کیا جائے گا۔ 
واصف اللہ کا سوال ہے کہ میرا اقامہ 9 اگست کو اور چھٹی 19 اگست کو ختم ہوگئی کیا میرا اقامہ اور چھٹی ’خروج وعودہ‘ بڑھ جائے گی؟ 

بین الاقوامی پروازوں پر تاحال پابندی برقرار ہے (فوٹو: ایس پی اے)

جواب: جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ بین الاقوامی پروازوں پر تاحال پابندی برقرار ہے۔ اس لیے سعودی حکومت کی جانب سے ان تارکین کے لیے جو بیرون مملکت گئے ہوئے ہیں کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی ہے تاہم حکام کا کہنا تھا کہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد اس حوالے سے مزید احکامات جاری کیے جائیں گے ۔
علی شیر پوچھتے ہیں کہ کیا خروج نہائی کا نظام بحال ہے۔ میں پاکستان جانا چاہتا ہوں کیا کروں؟ 
جواب: خروج نہائی اور خروج وعودہ کا نظام حسب سابق بحال ہے۔ اس میں کوئی رکاوٹ نہیں صرف پابندی باہر سے آنے والوں کے لیے ہے، تاحال بیرون مملکت سے آنے والوں کے لیے پروازیں بحال نہیں ہوئیں۔ 
جہاں تک آپ کی جانب سے خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ پر جانے کے بارے سوال ہے تو اس میں کوئی امر مانع نہیں، آپ اپنے کفیل سے کہہ کر خروج نہائی ویزہ لگا کر پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے ملک جاسکتے ہیں۔ 

خروج وعودہ یا خروج نہائی پرجانے کے لیے پہلے اقامہ تجدید کرانا ہو گا ( فوٹو: سوشل میڈیا)

ناصر خان مدے خیل کا سوال ہے کہ ’اقامہ ختم ہوگیا ہے۔ پاکستان کیسے جائیں؟ 
جواب: خروج نہائی ویزہ لگوانے کے لیے لازمی ہے کہ آپ کا اقامہ کارآمد ہو، اقامہ ایکسپائر ہونے سے چند دن قبل بھی خروج نہائی ویزہ لگوایا جاسکتا ہے۔ 
آپ نے دریافت کیا ہے کہ پاکستان کیسے جائیں۔ اگر آپ خروج وعودہ یا خروج نہائی پر جانا چاہتے ہیں دونوں صورتوں میں پہلے اقامہ تجدید کرانا ہو گا۔ اس کے بعد خروج نہائی یا عودہ لگوانا ممکن ہے، جب تک اقامہ تجدید نہیں ہوگا خروج نہیں لگ سکے گا۔ اگر آپ ترحیل کے ذریعے جاتے ہیں تواس صورت میں مخصوص مدت تک کے لیے دوسرے ویزے پر سعودی عرب کے لیے بلیک لسٹ ہو جائیں گے۔ اس لیے بہتر ہے کہ قانونی طریقے سے جائیں تاکہ کسی قسم کی مشکل میں مبتلا نہ ہوں۔  

شیئر: