چُھٹی پر آکر واپس نہیں گیا، کیا نیا ویزہ نکلوا سکتا ہوں؟
چُھٹی پر آکر واپس نہیں گیا، کیا نیا ویزہ نکلوا سکتا ہوں؟
پیر 17 اگست 2020 4:55
چھٹی سے واپس نہ آنے والا تین سال کے لیے نہیں آسکتا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات بتدریج معمول پر آرہے ہیں تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکام کی جانب سے اس بارے میں احکامات جاری ہوں گے مطلع کر دیا جائے گا۔
قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل کے حوالے سے مزید سوالات بھیجے ہیں۔
راجا افضل نے سوال کیا ہے کہ ہروب بلاغ کیسے ختم ہوگا؟
جواب: پاکستان قونصلیٹ جدہ کے شعبہ ویلفیئر کو یہ سوال بھیجا گیا جس کے جواب میں کہا گیا کہ اگر کسی کا ہروب لگا ہوا ہے اور وہ شخص کفیل سے رجوع کرے تو کفیل بیس دن کے اندر بغیر کسی جرمانے کے اس کا ہروب ہٹا سکتا ہے۔ اگر 20 دن سے زیادہ عرصہ گزر جائے تو پھر کفیل ختم نہیں کرسکتا۔
مکتب العمل میں ہروب کیسز کی متعلقہ کمیٹی میں ثبوت پیش کرنا ہوتے ہیں کہ کفیل نے غلط ہروب لگایا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں وزارت محنت کفیل سے فرار ہونے والے کارکن کے لیے قانونی اصطلاح ’ہروب‘ استعمال کرتی ہے۔ ہروب کے لفظی معنی 'فرار' کے ہیں۔
راشد خان پوچھتے ہیں کہ میرے کفیل نے ہروب لگایا تھا۔ میرا پیشہ حداد کا تھا۔ اب مجھے پاکستان میں آئے ہوئے 4 سال سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے، کیا میں ڈرائیور کے ویزے پر آسکتا ہوں یا مجھے اپنی معلومات کے لیے کسی ادارے میں جانا پڑے گا۔ جواب ضرور دیجیے گا۔
جواب: جو شخص ’ہروب‘ کے بعد ترحیل کے ذریعے پاکستان سفر کرتا ہے وہ پانچ سال تک سعودی عرب واپس نہیں آسکتا۔ آپ پانچ سال تک انتظار کریں پھر نئے ویزے کے لیے درخواست دیں۔
زوہیب خان کا سوال ہے کہ میں سعودی عرب سے دو ماہ کی چھٹی پر ستمبر 2017 میں پاکستان آیا تھا پھر واپس نہیں گیا۔ ستمبر 2020 میں میرے تین سال پورے ہوجائیں گے، کیا میں نئے ویزے پر آسکتا ہوں؟
جواب: جو شخص سعودی عرب سے چھٹی پر چلا جاتا ہے اور واپس نہیں آتا وہ تین سال کے لیے مملکت واپس نہیں آسکتا۔ آپ کے جب تین سال مکمل ہوجائیں تو نئے ویزے کے لیے درخواست دیں۔
گلریز خان پوچھتے ہیں کہ میں یکم مارچ کو سعودی عرب نئے ویزے پر آیا تھا۔ میرا اقامہ کورونا کی وجہ سے نہیں بنا اگر کفیل چاہے تو فائنل ایگزٹ لگا سکتا ہے؟
جواب: کفیل ہر حالت میں خروج نہائی یا فائنل ایگزٹ لگا سکتا ہے۔ خروج نہائی لگانا کفیل کی ہی دسترس میں ہے۔ کفیل کے علاوہ اور کوئی خروج نہیں لگا سکتا، البتہ کفیل کو مکتب العمل سے اور جوازات سے رابطہ کرنا ہوگا کہ آیا وہ بغیر جرمانے کے خروج لگا سکتا ہے یا سرکاری فیس جمع کرکے لگانا ہے۔