ڈیجیٹل ادائیگی سسٹم نصب نہ کرانے والی دکانوں کےخلاف کارروائی
ڈیجیٹل ادائیگی سسٹم نصب نہ کرانے والی دکانوں کےخلاف کارروائی
جمعہ 21 اگست 2020 14:23
فنی وجہ کے بغیر ڈیجیٹل سسٹم فراہم نہ کرنے والی دکانیں سیل کی جائیں گی(فوٹو،ٹوئٹر
وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا ہے کہ ایسے تجارتی ادارے اور دکانیں جہاں ڈیجیٹل ادائیگی کا سسٹم نصب نہیں کرایا گیا ان کے مالکان کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خلاف ورزی کے مرتکب دکانوں اور تجارتی اداروں کو سیل کرنے کی منظوری دیے دی گئی ہے۔ ترجمان وزارت تجارت نے ’الاخباریہ ‘ ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے مزید کہا ’ وزارت کی جانب سے مختلف تجارتی شعبوں کو مرحلہ وار وقت دیا گیا تھا تاکہ وہ اپنی سہولت کے مطابق ادائیگی کا ڈیجیٹل سسٹم نصب کرالیں ‘۔
وزارت کی تفتیشی ٹیموں کو احکامات صادر کردیئے گئے ہیں کہ ایسی دکانیں یا تجارتی ادارے جہاں ’ڈیجیٹل پے منٹ‘ سسٹم کی سہولت فراہم نہیں کی گئی انکے خلاف تحقیقات کریں اگر سسٹم کی تنصیب فنی وجوہات کی بنیاد پر ممکن نہیں ہو سکی تو اس بارے میں سعودی مانٹری اتھاری ’ساما‘ سے معلومات حاصل کی جائیں گی ۔
فنی رکاوٹ نہ ہونے پر ایسی دکانوں اور تجارتی اداروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کردیاجائے گا۔ ترجمان وزارت تجارت عبدالرحمن الحسین نے مزید کہا کہ ایسے تجارتی شعبے جہاں بغیر کسی فنی رکاوٹ کے ڈیجیٹل ادائیگی سسٹم پرعمل درآمد نہیں کیا گیا ان کے مالکان درحیقیت تجارتی پردہ پوشی میں ملوث ہیں۔
دریں اثنا ویب نیوز ’اخبار24 ‘ کا کہنا ہے کہ ’ساما‘ کی جانب سے مملکت میں کام کرنے والے تمام بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ’سپن‘ سسٹم کی تنصیب کے لیے جملہ وسائل مہیا کریں اور اس ضمن میں درپیش فنی مشکلات کو فوری طور پر دور کیاجائے ۔
واضح رہے وزارت تجارت کی جانب سے مملکت میں ’بلا نقدی ‘ منصوبے کے تحت مرحلہ وار پروگرام پر عمل جاری ہے اس ضمن میں پہلے مرحلے میں پیٹرول اسٹیشنز کو اس امر کا پابند کیا گیا تھا کہ وہ ’سپن‘ سسٹم مہیا کریں بعدازاں دوسرے مرحلے میں دیگر تجارتی شعبے شامل تھے جن میں پنچر شاپس ، گاڑیوں کے پارٹس فروخت کرنے والی دکانیں، ورکشاپس اور اسی قسم کے دیگر تجارتی شعبے شامل تھے۔
مملکت کے بلا نقدی منصوبے کا بنیادی ہدف تجارتی پردہ پوشی کا خاتمہ کرنا ہے اسی حوالے سے تجارتی اداروں کو اس امر کا پابند کیاجارہا ہے کہ ادائیگی کے سسٹم کو بینک چینل کے ذریعے کیا جائے۔