Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب اور پاکستان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم‘

سعودی سفیر نے وزیر اطلاعات کو سعودی عرب میں کورونا صورتحال کے متعلق آگاہ کیا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز سے پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی ہے۔
جمعے کو وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق دوران ملاقات شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان  تعلقات ہمیشہ کی طرح مضبوط اور مستحکم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ ’دونوں ملک مشترکہ اسلامی  اقدار کے حامل ہیں۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 'پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کو سراہتے ہیں، یہ موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کورونا کی مشکل صورتحال کے باوجود رواں سال حج کے لیے موثر انتظامات کرنے پر سعودی حکومت کی تعریف کی۔
بیان کے مطابق دوران ملاقات سعودی سفیر اور شبلی فراز نے میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو تقویت دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں نے ٹی وی ڈراموں کے تبادلے اور ایک دوسرے کے ملک میں فلموں کی نمائش پر بھی زور دیا۔
بیان کے مطابق ملاقات میں مسلمان مشاہیر کی زندگی، ان کی کامیابیوں اور اسلامی اقدار کو اجاگر کرنے والے پروگراموں کی تیاری پر بھی اتفاق کیا۔
سعودی سفیر نے کہا کہ' سعودی عرب پہلا ملک تھا جس کا وزیر اعظم عمران خان نے دورہ کیا۔ ’سعودی عرب وزیر اعظم کے لیے نیک تمناؤں کے اظہار اور حمایت کے لیے سب سے آگے رہا۔‘
سعودی سفیر نے وزیر اطلاعات کو سعودی عرب میں کورونا صورتحال کے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں کورونا کیسسز میں واضح کمی آئی ہے۔

شیئر: