پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے پاکستان اور پاکستان کی عوام کو ہمارے برادرانہ ملک سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے اور یہ تعلقات بہترین ہیں اور بہترین رہیں گے۔
جمعرات کو راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران سعودی عرب سے تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات تاریخی اور بہت اہم ہیں اور یہ تعلقات بہترین ہیں اور بہترین رہیں گے اور اس میں کسی قسم کا کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’پاکستانی عوام کے دل سعودی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ان تعلقات پر کوئی سوال اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
’سعودی عرب سے قریبی تعلقات ہیں، رہیں گے‘Node ID: 497601
-
جنرل قمر باجوہ سے سعودی سفیر کی ملاقاتNode ID: 497951
-
جنرل قمر جاوید باجوہ رواں ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گےNode ID: 498506
میجر جنرل بابر افتخار نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے رواں ہفتے کے اختتام پر سعودی عرب کے دورے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ’ یہ پہلے سے طے دورہ ہے جو کہ ہمارے ملٹری ٹو ملٹری تعلقات چلتے رہتے ہیں اس کے ساتھ منسلک ہے۔‘
انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی صورت حال پر انہوں نے کہا کہ وہاں ظلم کا بازار گرم ہے دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال اب تک انڈیا نے ایک ہزار927 مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ ’انڈیا جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو نشانہ بناتا ہے‘
انڈیا اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کا موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہماری طرف صحافیوں، یو این مبصرین کے جانے پر کوئی پابندی نہیں جبکہ انڈیا اپنی طرف کسی کو نہیں جانے دیتا۔‘
انڈیا کی طرف سے رافیل طیارے خریدے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ’پانچ کیا پانچ سو رافیل بھی لے آئے تو ہمیں پرواہ نہیں، ہر لمحہ تیار ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ انڈیا منصوبے کے تحت کشمیر آبادی کی شرح کو تبدیل کر کے مسلمانوں کو بے دخل کرنا چاہتا ہے۔
’کراچی سٹاک ایکسچینج پر ناکام حملہ ہو یا دہشت گردوں کے لیے منی لانڈرنگ، ان کے تانے بانے انڈیا سے ملتے ہیں۔‘
