2400 مربع میٹر کے سرکاری پلاٹ پر شادی ہال تعمیر تھا۔( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی نے بریمان بلدیہ کے ماتحت 2400 مربع میٹر کے سرکاری پلاٹ پر تعمیر شادی ہال منہدم کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے ٹوئٹر پربیان میں بتایا کہ سرکاری پلاٹ پر قبضے کا ریکارڈ سامنے آنے پر ابتدائی کارروائی کی گئی ہے۔
شادی ہال تعمیر کرنے والے کو تجاوزات کے بارے میں متنبہ کیا گی. بعد ازاں بلدیاتی کونسل کے اہلکاروں اور سیکیورٹی فورس کی مدد سے شادی ہال منہدم کردیا گیا۔
جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ شادی ہال کی تعمیر کا کیس نہ صرف یہ کہ تجاوزات کا تھا بلکہ اس کی ڈیزائننگ اور تعمیر بھی سلامتی ضوابط کے منافی کی گئی تھی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ان دنوں مملکت بھر میں میونسپلٹیاں سرکاری زمینوں پر تجاوزات کا نوٹس لے رہی ہیں۔
مدینہ منورہ میونسپلٹی نے تین لاکھ چالیس ہزار مربع میٹر کی سرکاری اراضی پر تجاوزات ختم کرائے۔ مقامی شہریوں نے بعض پر عمارتیں، دیگر پر احاطے اور کئی جگہوں پر سادہ قسم کی رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں۔