جدہ: لیبر کیمپوں کا اندراج، مزدوروں کو متبادل رہائش فراہم
جدہ: لیبر کیمپوں کا اندراج، مزدوروں کو متبادل رہائش فراہم
پیر 13 اپریل 2020 12:34
’جدہ میں 23 سکولوں کو مزدوروں کی عارضی رہائش کے لیے تیار کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ میونسپلٹی نے تجارتی اداروں کو اپنے کارکنوں کو رہائشی کیمپوں کا اندراج کرانے کی ہدایت کی ہے۔
میونسپلٹی نے لیبر کیمپوں کا معائنہ اور ضرورت کے تحت متبادل رہائش فراہم کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’جدہ کمشنری میں واقع تمام لیبر کیمپوں کا معائنہ کرنے کے لیے نو مختلف سرکاری اداروں کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔‘
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’کمیٹی نے اب تک صنعتی علاقوں کی حدود میں واقع 231 جبکہ صنعتی علاقوں کی حدود سے باہر 282 کیمپوں کا اندراج کیا ہے۔‘
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’مذکورہ کمیٹی اب تک 172 کیمپوں کا دورہ کر کے 43 ہزار نو سو 68 مزدوروں کا معائنہ کر چکی ہے۔‘
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’صنعتی علاقوں کی حدود سے باہر کیمپوں میں رہائش پذیر پانچ مزدوروں میں کورونا کا شبہ ہے۔‘
جدہ کے میئر انجینئر فارس رجب نے کہا ہے کہ ’جدہ میں 23 سکولوں کو عارضی رہائش کے لیے تیار کیا گیا ہے جہاں وزارت ہیومن ریسورسز کے تعاون سے مزدوروں کو ٹھہرایا جائے گا۔‘
دوسری طرف مکہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ میں صفائی کارکنوں کو مشاعر مقدسہ ( منیٰ، مزدلفہ اور عرفات) میں عارضی رہائش فراہم کی جائے گی۔‘
مکہ میونسپلٹی کے ترجمان انجینئر رائد سمرقندی نے کہا ہے کہ ’صفائی کارکنوں کے لیے مشاعر مقدسہ میں سات عارضی کیمپ کے علاوہ تین سکول مہیا کیے جارہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’صفائی کارکنوں کی رہائش میں سلامتی کے ضوابط کے علاوہ کورونا سے تحفظ کی تمام تدابیر پر عمل کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’اس اقدام کا مقصد کارکنوں کو بھیڑ بھاڑ سے بچانا اور معاشرتی فاصلہ برقرار رکھنا ہے۔‘