Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیلیفورنیا: آگ سے لاکھوں افراد متاثر

جہازوں کے ذریعے کیمیکل سپرے کر کے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لاکھوں ایکڑ اراضی پر لگنے والی آگ سے بچنے کے لیے لاکھوں افراد نقل مکانی کر رہے ہیں اور گورنر نے شعلوں کو بجھانے کے لیے عالمی مدد کی اپیل کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کیلیفورنیا میں سنیچر کو آگ کے شعلے دور دور تک پھیل گئے جس کے بعد شہریوں کو علاقے سے نقل مکانی کرنا پڑی۔
حکام کے مطابق ایک لاکھ 19 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

 

مقامی حکام کے مطابق ریاست کے مختلف علاقوں میں 72 گھنٹوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے 12 ہزار واقعات ہوئے جس کے بعد وسطی اور شمالی کیلیفورنیا کے بڑے حصے میں آگ بھڑک اٹھی اور آسمان پر دھویں کی دبیز تہہ دکھائی دی۔
کیلیفورنیا کے گورنر گاون نیوسوم نے کہا ہے کہ 'ہم نے برسوں سے اس قسم کی کوئی چیز نہیں دیکھی تھی جیسے یہ آگ لگی ہے۔'
حکام کے مطابق آگ سے وسطی اور شمالی کیلیفورنیا میں چھ لاکھ ایکڑ رقبہ اور اس پر قائم تقریبا 500 عمارتیں جل کر راکھ ہو گئی ہیں۔
ناپا اور سونوما کے علاقوں میں شراب کشید کرنے کے مشہور کارخانے بھی آگ کے بڑھتے شعلوں کی وجہ سے خطرے میں ہیں۔
آگ کے باعث اب تک پانچ ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ تین لاشیں ناپا کاؤنٹی کے علاقے سے ملی ہیں۔
کیلیفورنیا کی ریاست کے بگ بیسن ریڈ وڈ پارک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی بعض تاریخی عمارتیں شعلوں کی نذر ہو گئی ہیں۔
بیان کے مطابق پارک میں 500 سالہ قدیم ریڈ وڈ کے درخت آگ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

شیئر: