لاطینی امریکہ میں دو لاکھ سے زیادہ افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں لاطینی امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا خطہ بن گیا ہے جہاں دو لاکھ سے زیادہ افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق لاطینی امریکہ اور کیریبین ممالک میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں یورپی ملکوں میں ہونے والی اموات سے بڑھ گئی ہیں۔
یورپ کے مقابلے میں 460 ہلاکتوں کے اضافے سے لاطینی امریکہ اور کیریبین ممالک میں اب تک دو لاکھ 13 ہزار 120 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس کے بعد یہ کورونا سے شدید متاثر ہو نے والا خطہ بن گیا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک ایک کروڑ 90 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 7 لاکھ 21 ہزار کی موت واقع ہوئی ہے۔
دنیا کے بعض خطوں میں کورونا پر قابو پانے کے بعد ایک مرتبہ پھر نئے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق انڈیا اور افریقی ممالک میں کورونا وائرس مسلسل پھیل رہا ہے۔
گزشتہ تین ہفتوں کے دوران انڈیا میں وائرس کے کیسز میں دگنا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 20 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے، جبکہ روزانہ ایک دن میں 60 ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے جا رہے یں۔
ماہرین کے مطابق انڈیا میں در حقیقت کیسز کی تعداد کئی گنا زیادہ ہے جو درست طریقے سے ریکارڈ پر نہیں لائی جا رہی۔ انڈیا میں سخت لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باوجود کورونا کے کیسز میں کمی واقع نہیں ہو سکی۔
اکثر ممالک کو وائرس سے مکمل طور پر نمٹنے اور قابو پانے کے لیے مؤثر ویکسین کی جلد فراہمی کا انتظار ہے۔
ویکسینیشن اور امیونائزیشن کے عالمی اتحاد ’گاوی، دی ویکسین الائنس‘ نے اعلان کیا تھا کہ غریب ممالک کے لیے دس کروڑ ویکسین کی ڈوز کی فراہمی 2021 تک ممکن ہوگی۔
لاطینی امریکہ کے بعد دنیا میں شمالی امریکہ کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں متاثرین کی تعداد 49 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق شمالی امریکہ میں اب تک ایک لاکھ 61 ہزار 358 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔ جبکہ لاطینی امریکی ممالک میں سے برازیل سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا کے باعث 99 ہزار 572 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔