کمیونٹی کی محدود تعداد نے احتیاطی تدابیر کی پابندی کے ساتھ شرکت کی۔( فوٹو اردونیوز)
ریاض میں پاکستانی سفارتخانے نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے’رن فار کشمیر‘ کے عنوان سے واک کا اہتمام کیا ہے۔
سنیچر کو ہونے والی واک میں سفیر پاکستان ، سفارتخانے کے عملے سمیت پاکستانی کمیونٹی کی محدود تعداد نے احتیاطی تدابیر کی پابندی کے ساتھ شرکت کی۔
اس موقع پر سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز نے کہا کہ’ اس واک کا مقصد عالمی سطح پر کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنا ہے‘۔
انہوں نےامید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ اقدام تحریک کشمیر کی مزید مضبوطی کا باعث بنے گا اور کشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔
سفیر پاکستان نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر احتیاطی تدابیر کی پابندی کرتے ہوئے تحت ایسی واک کا اہتمام کریں۔
سفارتخانے نے ’رن فار کشمیر‘ واک میں رجسٹریشن کے لیے ایک لنک https://runforkashmir.org بھی جاری کیا ہے۔
پاکستانی سفارتخانے کے ترجمان نے اردونیوز کو ’رن فار کشمیر‘ کی اہمیت اور اس کے مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان یہ مہم عالمی سطح پر چلا رہی ہے۔ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی پاکستانی اور کشمیری موجود ہیں انہیں انفرادی طور پر اس میں حصہ لینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایپلی کیشن میں واک کے لیے ایک کلومٹیر ، پانچ کلومیڑ اور دیگر آپشن موجود ہیں۔
موبائل ایپ کے ذریعے معلوم ہو سکے گا کہ اب تک کتنے لوگوں نے ’رن فار کشمیر‘ واک میں حصہ لیا اور اب تک کتنے کلو میٹر واک کی جا چکی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں ریاض کے علاوہ جدہ اور دیگر شہروں میں بھی کمیونٹی کے افراد خود کو رجسٹرڈ کراکے ’رن فار کشمیر‘ مہم کا حصہ بن سکتے ہیں۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یہ واک بین الاقوامی ورچوئل واک کا حصہ ہے جو مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے یکم اگست سے شروع کی گئی ہے اور یہ ستمبر تک جاری رہے گی۔
اس کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ کشمیریوں کی آزادی تک سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔
اگست سے شروع ہونے والی اس ورچوئل واک میں اب تک ہزاروں افراد شریک ہوئے ہیں۔