Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آرٹیکل 370 کشمیر کی خودمختاری کی ضمانت‘

سعودی عرب نے زور دیا ہے کہ فریق خطے میں امن اور کشمیریوں کے مفادات کا لحاظ کریں۔ فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب نے جموں و کشمیر کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تنازع بین الاقوامی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دفتر خارجہ کے ایک عہدیدار نے ایک بیان میں کہا کہ’ سعودی عرب جموں و کشمیر کے موجووہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔  جس کی وجہ انڈین آئین کے آرٹیکل 370کی منسوخی  ہے۔ آرٹیکل 370 جموں و کشمیر کےلئے خودمختاری کی ضمانت ہے‘ ۔
سعودی عرب نے جموں و کشمیر کے حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ز ور دیا کہ متعلقہ بین الاقوامی قرار دادوں کے مطابق تنازع کا پر امن طریقے سے حل نکالا جائے۔متعلقہ فریق خطے میں امن و استحکام کی حفاظت اور کشمیریوں کے مفادات کا لحاظ کریں۔
 واضح رہے کہ گزشتہ روزپاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولیعہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کیا تھا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عمران خان نے محمد بن سلمان کو کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر خطے کی تازہ صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے کی جانیوالی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سعودی میڈیا نے ولیعہد محمد بن سلمان سے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ٹیلیفونک رابطے کی خبر میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے اسے نمایاں کوریج دی ۔سعودی ریڈیو اورٹی وی کے خبر ناموں میں پہلی خبر یہی دی گئی۔دونوں ملکوں کے قائدین تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی مسائل خصوصاً باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہیں اور باہمی مشاورت کا اہتمام بھی کرتے ہیں۔یہ رابطہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا۔

شیئر: