'ٹرمپ جھوٹے اور سنگدل ہیں' بہن کا بیان
صدر ٹرمپ پر ان کی بہن کی تنقیدی ریکارڈنگ سنیچر کو سامنے آئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق کی جانے والی خفیہ ریکارڈنگز سنیچر کو سامنے آئی ہیں، جن میں ان کی بہن نے انہیں ایک ’جھوٹا‘ اور ’سنگدل‘ شخص کہا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ وہ بے اصول ہیں جس کی وجہ سے ان پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ کی بہن میری این ٹرمپ بیری نے اپنے بھائی پر ان کی امیگریشن پالیسی کی وجہ سے تنقید کی۔ اس پالیسی کی وجہ سے بچوں کو سرحد سے ان کے والدین سے الگ کر کے حراستی مراکز میں بھیج دیا گیا تھا۔
واشنگٹن پوسٹ کو ملنے والی یہ ریکارڈنگز ان کی بھتیجی میری ٹرمپ نے بنائی تھیں۔
گذشتہ مہینے میری ٹرمپ نے ایک کتاب شائع کی تھی جس میں صدر ٹرمپ کے خاندان پر تنقید کی گئی تھی۔
صدر ٹرمپ کے چھوٹے بھائی اس کتاب کی اشاعت روکنے کے لیے عدالت گئی تھے اور ان کا کہنا تھا کہ 'میری اپنے دادا کی جائیداد کا معاملہ طے ہونے کے بعد 2001 میں کیے جانے والے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔'
اس کتاب کے شائع ہونے والے دن ہی اس کی نو لاکھ 50 ہزار کاپیاں فروخت ہو گئی تھیں۔ تاہم وائٹ ہاؤس نے اس کتاب کو جھوٹ قرار دیا تھا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایک ریکارڈنگ میں بیری اپنی بھتیجی کو کہتی ہیں کہ ’یہ سب مفافقت ہے۔ اور اس کے ساتھ سنگدلی ہے۔ ڈونلڈ سنگدل ہے۔‘
ان ریکارڈنگز میں اس دعوے کا بھی ذکر موجود ہے کہ صدر ٹرمپ نے کالج داخلے کے امتحانات میں کسی اور کو اپنی جگہ پیسے دے کر بھیجا تھا۔ ریکارڈنگ کے مطابق بیری کہتی ہیں کہ ’(ٹرمپ) کا داخلہ یونیورسٹی آف پینسلوینیا میں صرف اس لیے ہوا تھا کہ اس نے امتحانات کسی اور سے دلوائے تھے۔‘ بیری کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں امتحان لینے والے شخص کا نام یاد ہے۔
صدر یا وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس معاملے پر ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔