امریکہ میں گذشتہ چھ روز سے مسلسل 60 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آرہے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
امریکہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 63 ہزار 872 افراد میں وبا کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ مزید 514 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 لاکھ 62 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ملک میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 474 ہو چکی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں گذشتہ چھ روز سے مسلسل 60 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔
جمعے کو ملک میں 77 ہزار 638 نئے کیسز سامنے آئے جو کہ اب تک ایک روز میں متاثر ہونے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
صدر ٹرمپ نے اتوار کو فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک بار پھر وبا سے نمٹنے کی حکومتی حکمت عملی کا دفاع کیا اور دعویٰ کیا کہ 'ٹیسٹنگ کے معاملے پر دنیا نے بھی امریکہ کو سراہا۔'
ماضی میں وائرس کے خاتمے سے متعلق اپنی ایک پیش گوئی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’بالآخر میں ٹھیک ثابت ہوں گا۔'
انہوں نے ایک بار پھر ماسک پہننے کی پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ 'میں چاہتا ہوں کہ لوگوں کو ایک خاص حد تک آزادی حاصل ہو۔'
دوسری جانب میکسیکو میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 39 ہزار کے قریب ہو چکی ہے اور اموات کی تعداد کے لحاظ سے میکسیکو دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔ میکسیکو میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 44 ہزار 200 سے زائد ہے۔
صدر مینول لوپیز اوبریڈور نے اتوار کو اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک میں صحت کے معیار کو بہتر بنائیں گے۔
میکسیکو میں وبا سے ہلاکتوں کی تعداد لاطینی امریکہ میں برازیل کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برازیل میں اب تک 79 ہزار 488 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 20 لاکھ 99 ہزار کے قریب متاثرین ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق انڈیا، امریکہ اور برازیل کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 10 لاکھ 77 ہزار 781 افراد میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔
انڈیا میں اب تک 28 ہزار 816 افراد کورونا کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
روس میں 7 لاکھ 70 ہزار 300 سے زائد افراد کورونا کے متاثرین ہیں جبکہ ملک میں 12 ہزار 323 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
اے ایف پی نے لاطینی امریکہ کے ایک اور ملک پیرو کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 189 اموات کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 187 ہو چکی ہے جبکہ 4 ہزار 90 نئے کیسز کے بعد ملک میں وبا کے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 53 ہزار ہو چکی ہے۔
ادھر جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 5 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 85 ہلاکتوں کے بعد کل اموات 5 ہزار 33 ہو گئی ہیں جبکہ 13 ہزار 449 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 64 ہزار 300 سے زائد ہو چکی ہے۔