Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری ملازمین کی دفاتر میں واپسی، آخری تاریخ 30 اگست  

مقرر ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی۔(فوٹو سبق)
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے کہا ہے کہ 30 اگست گیارہ محرم 1442ھ تمام سرکاری ملازمین کی دفاتر واپسی کی آخری تاریخ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاتر واپس آنے والے ملازمین کو نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی۔ یہ پابندی ملک و قوم کی سلامتی کی خاطر لگائی گئی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے بیان میں کہا  کہ 30 اگست سے تمام سرکاری ملازمین دفاتر میں ڈیوٹی دینے لگیں گے۔ سب کو ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی۔ 
الراجحی نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی دفاتر واپسی کے حوالے سے لچکدار ڈیوٹی کا نظام نافذ رکھا جائے۔ فنگر پرنٹس سے حاضری ریکارڈ  کرانے کا سلسلہ معطل رکھا جائے۔ کورونا وائرس سے بہت زیادہ متاثر ہونے والے زمروں میں شامل افراد آن لائن ڈیوٹی دیتے رہیں۔  
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ہر سرکاری محکمے کے سربراہ کو اجازت دی ہے کہ وہ اپنے ادارے کے  25 فیصد تک ملازمین سے آن لائن ڈیوٹی لے سکتا ہے۔
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت نے 8 شوال 1441ھ سے 50 فیصد سرکاری ملازمین کی دفاتر واپسی کی اجازت دی تھی باقی پچاس فیصد کو آن لائن ڈیوٹی  کے لیے کہا گیا تھا۔

 29 شوال سے آن لائن ڈیوٹی کرنے والوں کا تناسب 25 فیصد تھا( فوٹو سوشل میڈیا)

 29 شوال سے آن لائن ڈیوٹی کرنے والوں کا تناسب 25 فیصد اور دفاتر میں آکر ڈیوٹی دینے والوں کا تناسب 75 فیصد کردیا گیا تھا۔
لچکدار ڈیوٹی کی وضاحت یہ کہہ کر کی گئی کہ ملازم تین شفٹوں میں دفاتر پہنچیں۔ پہلی شفٹ کی ڈیوٹی صبح ساڑھے سات بجے سےِ دوسری شفٹ کی ڈیوٹی صبح ساڑھے 8 بجے اور تیسری شفٹ کی ڈیوٹی صبح ساڑھے نو بجے  سے ہوگی۔

شیئر: