کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں (فوٹوعرب نیوز)
وزارت صحت نے کورونا وائرس کے باعث دفاتر کی طویل بندش کے بعد سعودی عرب میں دفاتر کے حفاظتی پروٹوکول کا خاکہ پیش کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت صحت کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں تاکہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کے بعد کارکنوں کی دفاتر میں بتدریج واپسی ممکن ہو سکے۔
وزارت صحت نے دفاتر میں کام کے دوران صحت کے اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات شیئر کی ہیں۔
دفاتر میں کارکن اور انتظامی عملے کے لیے احتیاطی رہنما اصولوں میں یہ شرط شامل ہے کہ جو کارکن وبائی مرض میں مبتلا رہے ہیں یا کوئی علامات ظاہر ہوئی ہیں تو انہیں ابھی گھروں سے ہی کام کرنے کی ضرورت ہے۔
حفاظتی اقدمات میں ملازمین کے لیے داخلی اور خارجی راستے الگ رکھنے اور دفتری اوقات میں ماسک لگانا ضروری ہے۔
کمپنیوں اور ان کے ملازمین کے لیے ضروری ہے کہ اپنے زیر استعمال تمام سامان کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
چائے یا دیگر مشروبات کے لیے زیر استعمال برتن یا کپ الگ طور پر استعمال کریں یا ڈسپوزیبل کپ استعمال کریں۔
قلم، کاغذ اور دفتر کی دیگر سٹیشنری یا ذاتی اشیاء کا اشتراک نہیں کیا جانا چاہیے۔
تمام کارکنوں کے لیے از حد اور اولین ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ اپنے ہاتھوں کو صابن اور پانی سے کم سے کم 40 سیکنڈ تک دھویں یا کام کے دوران متعدد مرتبہ 20 سیکنڈ کے لیے الکوحل سے تیار شدہ سنیائزر سے ہاتھ صاف رکھیں۔
وزارت صحت نے مزید کہا ہے کہ تمام ملازمین کے مابین نشستوں کا مناسب اور محفوظ فاصلہ یقینی بنایا جائے اور ممکن ہو تو پارٹیشنز کے استعمال کو ترجیح دی جائے۔
دفاتر میں میٹنگز کے لیے آن لائن طریقہ اختیار کیا جائے اور اگر دفتر میں میٹنگ ضروری ہو تو نشستوں کے مابین ڈیڑھ سے دو میٹر تک کا فاصلہ برقرار رکھنا چاہیے۔
کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ داخلی راستوں اور دفاتر میں آنے والے دیگر افراد کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی پروٹوکول کا خاص خیال رکھیں۔