کورونا کے ایک ہزار نئے کیسز، 30 ہلاکتیں
جمعرات 27 اگست 2020 16:16
سعودی عرب میں کورونا سے صحت یابی کے تناسب میں اضافہ ہو رہا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے کیسوں میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں کووڈ 19 کے مصدقہ کیسز کی تعداد ایک ہزار 19 رہی۔
اب تک سعودی عرب میں کورونا کے مجموعی کیسز 3 لاکھ 11 ہزار 855 تک پہنچ چکے ہیں جبکہ ایک ہی دن میں مختلف شہروں میں کووڈ 19 سے 30 افراد ہلاک ہوئے ۔
کورونا وائرس سے مجموعی طور پر اب تک ایک ہزار 310 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 سے صحت یابی کا تناسب بھی بڑھا ہے۔ ایک ہی دن میں 13 سو 10 افراد صحت یاب ہونے کے بعد اب تک اس وبائی مرض سے 2 لاکھ 86 ہزار 255 افراد شفایاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کے ٹوئٹر پر بتایا گیا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں کورونا کے 15 سو 82 مریضوں کی حالت نازک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے جبکہ 21 ہزار 815 افراد کی مجموعی صورت حال بہتر ہے۔ ان کا علاج مختلف شہروں میں قائم قرنطینہ سینٹرز اور آئسولیشن وارڈز میں جاری ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق جمعرات 27 اگست کو سب سے زیادہ مریض مکہ میں سامنے آئے جن کی تعداد 96 رہی جبکہ ریاض میں 56 ، عنیزہ 52 ، مدینہ 50 ، صبیا 49 ، جازان 46 ، تبوک 44 ، الھفوف 43 ، ابوعریش 41 ، جدہ 32 ، بریدہ 31 ، خمیس مشیط 30 ، بلجرشی 21 ، دمام 19 ، حفرالباطن 18 ، طائف میں 13 افراد میں کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔