Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے انگلینڈ کو پانچ رنز سے ہرا دیا

پاکستان نے انگلینڈ کو ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے،فوٹو (اے ایف پی )
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ آج مانچسٹر میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے انگلینڈ کو پانچ رنز سے شکست دے دی۔
تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے دوسرے ٹی 20 میچ میں بارش کے باعث ہار جیت کا فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔
محمد حفیظ بہترین بیٹنگ کی وجہ سے مین آف دی میچ قرار پائے۔
191 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر جونی بیئر سٹو کو شاہین آفریدی نےآؤٹ کر دیا۔اس کے بعد آنے والے ڈیوڈ میلان کو سات رنز پر عماد وسیم نے آؤٹ کر دیا ۔
کپتان موگرن 10 رنز ہی بنا سکے تھے کہ پاکستانی کپتان کی بہترین فیلڈنگ کے باعث رن آؤٹ ہو گئے۔اوپنر بینٹن 46 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔بلنگز 26 رنز پر شاٹ کھیلتے ہوئے وہاب ریاض کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ پکڑا بیٹھے ۔گریگوری 12 رنز پر شاہین خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔اس کے بعد آنے والے جورڈن ایک رنزپر وہاب ریاض کی گیند پر ان کے ہاتھوں ہی رن آؤٹ ہو گئے ۔
معین علی نے پریشر میں ٹیم کو سہارا دیا اور 33 گیندوں پر 61 رنز بنائے،ان کی بیٹنگ کی بدولت میچ پاکستان کے ہاتھوں سے نکل رہا تھا لیکن وہاب ریاض نے بہترین بولنگ اور فیلڈںگ کرتے ہوئے معین علی کی وکٹ حاصل کر لی۔ کرُن آٹھ اور عادل رشید تین رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
 
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو اوپنر فخر زمان صرف ایک رنز ہی بنا پائے تھے کہ معین علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
دوسرے اوپنر بابر اعظم نے 21 رنز بنائے اور کُرن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ڈیبیو کرنے والے حیدر علی نے بہترین کھیل کا مظا ہرہ کرتے ہوئے پانچ چوکوں دو چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے ان کو جورڈن نے بولڈ کیا۔ حیدر علی کو پاکستان کا پہلا بیٹسمین بننے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے جس نے ڈیبیو میں نصف سنچری مکمل کی۔

شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں جونی بیئرسٹو کو بولڈ کیا، فوٹو (اے ایف پی )

 شاداب خان 15 رنز پر جورڈن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو ئے جبکہ محمد حفیظ نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کیا انہوں نے 54 گیندوں پر 86 رنز بنائے حفیظ کی اننگ میں چار چوکے اور چھ چھکے شامل ہیں ۔ان کے ساتھ عماد وسیم چھ رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

 

پاکستان کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں محمد رضوان کی جگہ سرفراز کو کھلایا گیا جبکہ محمد عامر کو بھی آرام کروایا گیا۔ان کی جگہ حیدر علی اور وہاب ریاض کو موقع دیا گیا ۔
 

ڈیبیو کرنے والے حیدر علی نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

حیدر علی آج تیسرے ٹی 20 میں اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔سابق کرکٹر یونس خان کی جانب سے حیدر علی کو ڈیبیو کیپ پہنائی گئی ۔

شیئر: