Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امید ہے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی‘

برطانوی کرکٹ ٹیم نے 2005/06 میں آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے انگلینڈ کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو معلوم ہے کہ انہیں پاکستان میں سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے برطانیہ میں ٹیسٹ میچز سیریز کھیلنے کے بعد انہیں امید ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو معلوم ہے کہ پاکستان کس درجے کی سیکیورٹی مہیا کر سکتا ہے اور پاکستان آنے پر ان کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 2005/06 میں آخری مرتبہ پاکستان کے دورے پر آئی تھی۔
یاد رہے کہ سنہ 2009 میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے اگلے دس سال تک بین الاقوامی ٹیموں نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے علاوہ برطانوی کھلاڑی بھی پاکستان سپر لیگ اور  ٹی ٹوئنٹی میچز کی غرض سے پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔
مصباح الحق نے انگلش کرکٹ بورڈ کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ تمام کرکٹ کمیونٹی ایک دوسرے کی حمایت کرے۔   

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز انگلینڈ نے جیت لی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بھی انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم سے پاکستان کا دورہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز انگلینڈ نے جیت لی تھی۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ باقی دونوں میچز ڈرا ہو گئے تھے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن انگلش فاسٹ بولر جمی اینڈرسن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 600 وکٹیں پوری کیں تھیں جس پر ان کو دنیا بھر سے سابق کرکٹرز نے خراج تحسین پیش کیا تھا۔
اینڈرسن 600 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے فاسٹ بولر ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے فاسٹ بولر گلین میگراتھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 563 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 
ٹیسٹ سیریز کے اختتام کے بعد رواں ہفتے کے آخر میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز برطانوی شہر مانچسٹر میں ہوگا۔      

شیئر: