غیر قانونی موبائل سمز کا کاروبار کرنے والا گروہ گرفتار
گروہ ایک سعودی شہری اور دو مصریوں پر مشتمل ہے (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں الشرقیہ پولیس نے غیرقانونی موبائل سم کا کاروبار کرنے والے تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔
مشرقی ریجن پولیس کے معاون ترجمان محمد الدریھم نے بتایا کہ گروہ ایک سعودی شہری اور دو مصریوں پر مشتمل ہے۔ تینوں عمر کے چوتھے عشرے میں ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزمان موبائل سم غیرملکیوں کے نام سے ان کی لاعلمی میں جاری کرا کر فروخت کر رہے تھے۔ یہ کام رہائش گاہ سے کیا جا رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ گروہ کے قبضے سے سعودی موبائل کمپنیوں کی 420 سمیں، 26 موبائل سیٹس، فنگر پرنٹ مشینیں، 1672 ریچارج کارڈز اور 77851 ریال برآمد ہوئے ہیں۔
الدریھم کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔