اسلحے کے زور پر لُوٹنے والا گروہ گرفتار
ملزمان نے مسلح لوٹ مار کی 9 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی پولیس نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کرنے والے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ریجنل پولیس کے معاون ترجمان میجر خالد الکردیسی کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے ویب نیوز ’اخبار 24 ‘ نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ نامعلوم افراد پر مشتمل ایک گروہ شہر کے مختلف علاقوں میں مسلح وارداتیں کرنے میں ملوث ہے جس سے لوگوں میں غیر معمولی خوف ہراس پایا جاتا ہے۔
پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کرتے ہوئے ان تمام علاقوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جہاں جہاں گروہ وارداتیں کرچکا تھا۔
ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے خفیہ اہلکاروں کی مدد حاصل کی جنہوں نے انتہائی مختصر وقت میں ملزمان کا سراغ لگا گیا۔
میجر الکردیسی کا کہنا تھا کہ ملزمان سعودی شہری ہیں جن کی عمریں 20 برس کے قریب ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے مسلح لوٹ مارکی 9 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
چاروں ملزمان کے خلاف ایف آئی ار درج کرنے کے بعد انہیں پراسیکیوشن کے ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے جہاں سے ان کا چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔