Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم الوطنی کے بعد بین الاقوامی پروازیں بحال ہو جائیں گی؟

پابندی جب بھی ختم ہوگی سرکاری چینل سے بتایا جائے گا- فوٹو ٹویٹر
سعودی عرب کے قومی دن ’یوم وطنی‘ کے بعد بین الاقوامی پروازیں کھولنے کی اطلاع سوشل میڈیا پر وائرل ہے- محکمہ پاسپورٹ نے اس  حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بیان میں اس خبر کی تردید کی ہے۔  
بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر یہ اطلاع وائرل ہوگئی تھی کہ یوم الوطنی کے بعد سعودی عرب بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپنے ہوائی اڈے کھول دے گا اور دنیا بھر سے تارکین وطن مملکت پہنچنے لگیں گے-۔
اس اطلاع کے حوالے سے اندرون و بیرون ملک سے استفسارات کا تانتا بندھ گیا۔ محکمہ پاسپورٹ نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’ دعویٰ من گھڑت ہے اور حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں‘۔
’پہلے بھی کہا جاچکا ہے اور اب پھر تاکید کی جارہی ہے کہ جب بھی بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی اٹھانے ک افیصلہ ہوگا اس کی اطلاع اسی وقت سرکاری چینل سے باقاعدہ دی جائے گی-‘
محکمہ پاسپورٹ نے مزید کہا کہ اس طرح کے دعوے کئی بار کیے جاچکے ہیں اور ہر بار نہ صرف یہ کہ اس قسم کے دعوؤں کی تردید کی جاتی رہی ہے۔ تمام لوگوں سے اپیل بھی کرتے رہے ہیں کہ یہ اہم خبر ہے اس کا فیصلہ جب بھی ہوگا سرکاری طور پر اس کا اعلان ہوگا۔  ’لہذا غیرسرکاری ذرائع سے پھیلائی جانے والی اس قسم کی اطلاع کو آنکھ بند کرکے مسترد کردیا جائے۔‘
یاد رہے کہ سعودی عرب نے مارچ کے  وسط میں صحت حکام کی ہدایت پر کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدبیر کے طور پر بین الاقوامی پروازیں معطل کی تھیں۔

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: