طلباء ہر 20 منٹ بعد 20 سیکنڈ سکرین سے نظریں ہٹائیں
طلباء ہر 20 منٹ بعد 20 سیکنڈ سکرین سے نظریں ہٹائیں
جمعہ 11 ستمبر 2020 15:44
ہر مضمون پڑھانے کے بعد پانچ منٹ کا وقفہ دیا جائے(فوٹو عرب نیوز)
سعودی ہیلتھ کونسل کے ماہرین کی جانب سے آن لائن تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے لیے تعلیمی طریقہ کار تبدیل ہونے پر سکرین سے متعلق عادات پر رہنمائی اور ہدایات کی گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے بعد ڈیجیٹل دنیا میں بچوں کی صحت کو لاحق مسائل کا سامنا کرنے کے لیے طلباء اور ان کے والدین کو مشورہ دینا اور مدد فراہم کرنا انتہائی اہم ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاو کی وجہ سے کئی ماہ تک تدریسی نظام تعطل کا شکار رہا ہے۔ اب جب کہ سعودی عرب میں طلباء آن لائن کلاسوں میں شریک ہوئے ہیں توسعودی ہیلتھ کونسل نے ان کے لیے رہنما اصول جاری کئے ہیں۔
ان میں سب سے اہم کسی بھی سکرین پر مسلسل نظریں جمائے رکھنے سے منع کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ہر 20 منٹ میں کم از کم 20 سیکنڈ کا وقفہ ضروری ہے اور جہاں کلاس جاری ہے۔ اس کمرے میں روشنی کا انتظام اور سکرین کی روشنی مناسب رکھنا بچوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔
آن لائن کلاسز کے باعث طلباء کی جسمانی سرگرمیاں بھی محدود ہو سکتی ہیں لہذا والدین کو اپنے بچوں کو باقاعدہ ورزش کی عادات کے بارے میں آگاہ رکھنا چاہئے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں رہنے والی دانتوں کی ڈاکٹرآفنان عبدالفتاح جو دو بیٹیوں کی ماں ہیں انہو ں نے عرب نیوز کو بتایا “ یہ ہدایات بہت اہم ہیں۔ میری بچیاں تعلیم کے لیے جس سکول کے ساتھ منسلک ہیں اس سکول کی جانب سے ہر مضمون کی کلاس کے درمیان وقفہ دیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر آفنان نے مزید بتایا " آن لائن تعلیم کے دوران کلاسز میں طلباء کو اکتاہٹ سے بچانے اور کلاس کے اوقات کو پرکشش رکھنے کے لیے بچوں کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر سرگرمیوں پر بھی توجہ دینے کے لیے کہا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آن لائن کلاسز کے لیے سکول کی جانب سے والدین سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ پڑھائی کے لئے مناسب روشنی کا انتظام کریں اور طلباء کے لیے پریشان کن صورتحال یا کوئی دخل اندازی نہیں ہونی چاہیے جس سے ان کی توجہ بٹ جائے۔
انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ آن لائن سکولنگ میں بچوں کی جسمانی سرگرمیاں محدود ہو کر رہ گئی ہیں اس لیے انہوں نے اپنے بچوں کو سائیکل خرید کر دیئے ہیں تا کہ وہ پڑھائی کے بعد جسمانی ورزش بھی کر سکیں۔
ڈاکٹر آفنان نے کہا یہ ضروری ہے کہ بچوں کو گھر سے پڑھائی پر توجہ مرکوز رکھنے میں والدین ان کی مدد کریں اور آن لائن کلاسز کے دوران ویڈیو گیمز یا دیگر سوشل میڈیا کے استعمال سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے بچوں کو پڑھائی ختم کرنے کے بعد آئی پیڈ استعمال کرنے یا دیگر تفریحی سرگرمیوں کی اجازت دیتی ہوں۔
ریاض کے ایک انٹرنیشنل سکول کی مدرس نے عرب نیوز کو بتایا کہ آن لائن پڑھائی کے دوران طالب علم کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ کرسی اور ایک ڈیسک کا استعمال کرتے ہوئے مناسب طریقے سے اور آرام دہ حالت میں بیٹھیں تاکہ کئی گھنٹے کی آن لائن کلاسز مکمل کرنے کے بعد ان کی کمر یا گردن کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔
انہوں نے کہا "ہمارے سکول کی جانب سے اس بات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے کہ ہر مضمون پڑھانے کے بعد پانچ منٹ کا وقفہ دیا جاتا ہے اور ہم طلبہ کو اپنی نشست سے اٹھ کر گھر کے اندر ایک چکر لگا کر آنے کا کہتے ہیں تا کہ دوسرے مضمون کے وقفہ میں وہ جسمانی ورزش کر سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم طلبا ء کو یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ وقفہ کے اوقات میں وہ نشست سے ضرور اٹھیں اور کوئی ورزش کریں یا پسندیدہ موسیقی پر ڈانس کر سکتے ہیں کیونکہ ان کے ذہن کو تازہ رکھنے کے لیے جسمانی سرگرمی ضروری ہے۔