امارات کے سفارت خانے كی جانب سے سینیٹائزر كی فراہمی
مہم كے دوران اسلام آباد کی جامعات، كالجز اور سكولوں میں مختلف مراحل میں سینیٹائزر اور دوسرے مواد تقسیم کیے جائیں گے۔ (فوٹو: امارات ایمبیسی)
اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانہ نے ’صاف ہاتھ سب کے لیے‘ كے عنوان سے جسمانی صفائی مہم كا آغاز كردیا ہے جس كا مقصد كورونا كے خلاف مزاحمت كی كوششوں میں مدد كرنا ہے۔
امارات کے سفارت خانے کی جانب سے بدھ کو جاری ایک بیان کے مطابق پاکستان میں امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم الزعابی نے اس مہم كا افتتاح قائد اعظم یونیورسٹی كو ہینڈ سینیٹائزر كی فراہمی سے كیا۔
اس مہم كے سلسلے میں وفاقی دارالحكومت كے مختلف جامعات، كالجز اور سكولوں میں مختلف مراحل میں سینیٹائزر اور دوسرے مواد تقسیم کیے جائیں گے۔
سفیر الزعابی نے اس موقع پر كہا كہ متحدہ عرب امارات كی قیادت نے ہمیشہ پاكستان میں صحت وتعلیم كے شعبوں كو بھرپور اہمیت دی ہے جبكہ ملک بھر میں قائم مختلف جدید ترین ہسپتال اور تعلیمی ادارے امارات کے انسان دوست اور رفاہی کردار کے ثبوت ہیں۔
سفیر الزعابی نے بتایا كہ ’صاف ہاتھ سب کے لیے‘ كے عنوان سے جسمانی صفائی مہم سفارت خانہ كی طرف سے كورونا وبا پر قابو پانے كی حكومتی كوششوں میں حصہ ڈالنے كی كوشش ہے كیونكہ ہاتھوں كی صفائی كا كورونا كے خاتمے میں اہم كردار ہے۔
حمد عبید الزعابی نے بتایا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط تعلقات سیاسی، معاشی، تجارتی، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں روابط، ثقافتی تعاون اور تجربات کے تبادلے پر مبنی ہے۔