'سشانت کی موت پر خاموش تھے، ذاتی مفاد پر بول اٹھے'
'سشانت کی موت پر خاموش تھے، ذاتی مفاد پر بول اٹھے'
بدھ 16 ستمبر 2020 17:10
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے جیا بچن کو تنقید کا نشانہ بنای (فوٹو:ٹوئٹر)ا
سشانت سنگھ کی موت کے بعد پہلے تو بالی وڈ انڈسٹری پر 'اقربا پروری' کو فروغ دینے پر تنقید کی جا رہی تھی مگر اب جب سے ریا چکربورتی نے سشانت سنگھ کے لیے منشیات حاصل کرنے کے لیے ڈرگ ڈیلرز سے روابط کا اعتراف کیا ہے تو پوری انڈسٹری مشکل میں گھری نظر آ رہی ہے۔
کنگنا رناوت کے بیان نے تو بالی وڈ انڈسٹری کے لیے ایک اور مشکل کھڑی کر دی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ انڈسٹری کے 99 فیصد فنکار منشیات استعمال کرتے ہیں۔
اس بیان پر سب سے زیادہ ردعمل سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمان اور اداکارہ جیا بچن کی جانب سے سامنے آیا جس کے بعد امیتابھ بچن اور جیا بچن کے گھر کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جیا بچن نے منگل کو پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے دوران کہا تھا کہ سشانت سنگھ کی موت کی تحقیقات میں منشیات کے استعمال کے انکشاف کی وجہ سے پوری انڈسٹری پر بے بنیاد الزام عائد کے جا رہے ہیں۔
ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ 'یہ حفاظتی اقدامات جیا بچن کو ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔'
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم پی اور اداکار روی کشن کے بالی وڈ میں منشیات کے استعمال سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے جیا بچن نے منگل کو کہا تھا کہ 'صرف چند افراد کی وجہ سے آپ پوری انڈسٹری کو داغدار نہیں کر سکتے۔ جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کرتے ہیں۔'
اگرچہ 72 سالہ جیا بچن کو ان کی جذباتی تقریر کے بعد بالی وڈ سے کافی حمایت ملی مگر اس کے باوجود سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور ٹوئٹر پر ’شیم آن جیا بچن‘ کے ہیش ٹیگ سے ان کے خلاف تبصرے کیے گئے۔
بالی وڈ کی 'پنگا گرل' کنگنا رناوت نے بھی جیا بچن پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ 'جیا جی! کیا آپ اس وقت بھی ایسا ہی بیان دیتیں جب میری جگہ پر آپ کی بیٹی شویتا کو مارا پیٹا جاتا، گھسیٹا جاتا اور ان کی بے حرمتی کی جاتی؟'
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’کیا آپ تب بھی یہی کہتیں اگر ابھیشیک مسلسل اپنے خلاف غنڈہ گردی اور ہراساں کرنے کی شکایت کرتے رہتے اور ایک دن خود کو پھانسی لگائے ہوئے ملتے؟'
کنگنا رناوت نے مزید لکھا کہ 'آپ ہمارے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کریں۔'
ڈاکٹر ابھیشیک نامی صارف نے لکھا کہ 'اتنے وقت سے سب بالی وڈ والے شانت تھے جیسے ہی ڈرگ اینگل آیا تو جیا بچن نے یہ مدعا پارلیمنٹ میں اٹھایا۔'
ہیما سنہا نامی صارف نے لکھا کہ 'جیا بچن ہمیشہ اپنے خاندان کے لیے ہی بولی ہیں انہوں نے عوام یا ملک کے لیے کچھ نہیں کہا۔ انہیں اتنا پیسہ اور شہرت کس لیے دیں؟'
اشکرن سنگھ بھنداری نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'کاش بچن فیملی سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات سی بی آئی سے کرانے کے لیے بھی کچھ بولتی۔ انڈسٹری کا ایک نوجوان اداکار مر گیا اور یہ خاموش رہے، صرف اپنے ذاتی مفاد کے لیے بولتے ہیں۔'