Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ اداکار نشہ کرتے ہیں: کنگنا رناوت

کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ کئی حکومتوں نے بالی وڈ ڈرگ مافیا کو چڑھانے میں مدد کی (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد سے سکینڈل میں گھرے رہنے والی سپر سٹار کنگنا رناوت کی جانب سے نئے نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں برس 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار نے خودکشی کی ہے۔
سشانت سنگھ کی موت کے بعد سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کیوں کہ سشانت کے گھر سے خودکشی کے حوالے سے کوئی خط بھی نہیں ملا تھا۔
ان کی مبینہ خودکشی کی وجوہات مالی حالات، فلمی کیریئر میں رکاوٹیں اور ذہنی صحت بتائی جا رہی ہے۔
تاہم حال ہی میں سشانت سنگھ کی خودکشی کیس میں منشیات استعمال کرنے کا زاویہ بھی سامنے آیا ہے جس کے بعد کنگنا رناوت نے اس سے متعلق دیگر بالی وڈ سٹارز کے اہم راز افشا کردیے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ اور اداکارہ ریا چکربورتی جنہیں ان کی موت کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے ان کے دھماکہ خیز انٹرویو کے بعد کنگنا نے بالی وڈ انڈسٹری میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے بات کی ہے۔
اداکارہ کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بالی وڈ میں ایسے کئی اداکار دیکھے ہیں جو نشہ کرتے ہیں۔
انڈیا کے ری پبلک ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے بتایا کہ میری عمر کے کئی اداکار اکیلے نشہ کرتے ہیں اور یہی وہ لوگ ہیں جو منشیات فروش ہیں اور سب کچھ منظم طریقے سے سنبھال رہے ہیں، ساتھ ہی ان کی بیویاں اس قسم کی پارٹیز کی میزبانی بھی کرتی ہیں۔

کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ میری ہم عمر کے کئی اداکار اکیلے نشہ کرتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی پارٹیوں میں ایک منفرد ماحول ہوتا ہے جہاں صرف نشہ کرتے اور دھوکے باز لوگ پائے جائیں گے۔
کنگنا رناوت نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کئی حکومتوں نے تو بالی وڈ ڈرگ مافیا کو چڑھانے میں خوب مدد بھی کی ہے اور یہ سب ایک دوسرے کو جانتے ہیں، دونوں ہی منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دوسری جانب ایسے بھی اداکار ہیں جوکھلے عام یہ تسلیم کرتے ہیں کہ وہ نشہ کرتے ہیں تاہم یہی وہ لوگ ہیں جو اقربا پروری کی تشہیر کرتے ہیں، بچپن سے نشے کے عادی ہوتے ہیں اور پھر سٹار اور ڈائریکٹر بن جاتے ہیں۔
کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ ان میں سے وہ ایک اداکار کے ساتھ ڈیٹ بھی کرچکی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب اس قسم کی نشہ آور پارٹیاں ان کی بیویاں گھروں میں لے گئی ہیں جہاں دھوکے بازی ناقابل تصور حد تک ہے، میں یہ سب دیکھ چکی ہوں کہ یہ پارٹیاں کتنی بیہودہ بن جاتی ہیں اور پھر کنٹرول سے باہر ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں ان میں سے کچھ کی حقیقت کو تو ایک فلم میں دکھایا گیا لیکن افسوس کے سچ کو اس میں سے مٹا دیا گیا لہٰذا میرا سوال ہے کہ ایسے لوگ کیسے اچھے تصور کیے جاسکتے ہیں۔ 

شیئر: